امریکی مسلمانوں کا ایک فلاحی ادارہ، ’ہیلپنگ ہینڈ‘ معذوروں کو جدید ترین علاج کی مفت سہولت فراہم کرنے کے لئے کراچی میں ملک کا سب سے بڑا اسپتال قائم کر رہا ہے، جس کے لئے عمارت بھی خرید لی گئی ہے۔
’ہیلپنگ ہینڈ‘ نے اس منصوبے کا سربراہ کراچی کے معروف نیوروسرجن ڈاکٹر واسع شاکر کو مقرر کیا ہے، جنھوں نے دنیا بھر میں فرائض انجام دینے والے دیگر پاکستانی اسپشلسٹ ڈاکٹروں سے اس ادارے میں خدمات کے لئے رجوع کرلیا ہے۔
اسپتال کے لئے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک وسیع و عریض عمارت خریدی گئی ہے جس میں معذوروں کے علاج میں استعمال ہونے والے جدید طبی آلات کی تنصیب کے کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں ورجینا میں ہلپنگ ہینڈ کے ’فنڈ ریزنگ ڈنر‘ میں اس فلاحی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر محسن انصاری نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ منصوبے پر ایک ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ان کے بقول، ’ہیلپنگ ہینڈ‘ امریکی مسلمانوں کا سب سے بڑا فلاحی ادارہ ہے۔مجھے فخر ہے کہ یہ فلاحی ادارہ دنیا بھر کے 51 ممالک میں فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔ لیکن، چونکہ ان کی محبت، ان کا دل اور خلوص سب پاکستان کے ساتھ ہے اس لئے سب سے بڑا فلاحی منصوبہ بھی پاکستان میں چلایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر محسن کہتے ہیں کہ ہلپنگ ہنڈ ہر سال ڈیڑھ ارب ڈالر پاکستان میں فلاحی کاموں پر صرف کرتا ہے، جبکہ اس کے علاوہ، ہزاروں تعلیمی ادارے اور یتمیوں کے مراکز بھی چلائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہلپنگ ہینڈ کراچی میں ایک بہت بڑا ری ہبلیٹشن سینٹر قائم کرنے جارہی ہے۔
ان کے بقول، ’’دس ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والا یہ ری ہبلٹیشن سینٹر تمام جدید ترین مشینوں سے آراستہ ہوگا اور دنیا بھر میں فرائض انجام دینے والے اسپشلسٹ ڈاکٹرز یہاں خدمات انجام دیں گے اور معذروں کا مفت علاج کریں گے‘‘۔
ہیلپنگ ہینڈ نے کہا ہے کہ ’’پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد اسپتال ہوگا، جہاں علاج کی جدید ترین سہولیات فراہم ہوں گی اور وہ بھی مفت‘‘۔
فنڈ ریزنگ ڈنر میں مقررین نے اس اسپتال کو امریکہ میں بسنے والے مسلمانوں کی جانب سے اہل کراچی کے لئے ’’ایک خوبصورت تحفہ‘‘ قرار دیا۔
تقریب کے مہمان پاکستان کے نامور شعرا امجد اسلام امجد اور پروفیسر انور مسعود کے کلام سے شرکا خوب محظوظ ہوئے اور انھیں خوب داد دی۔