رسائی کے لنکس

فلائٹ چھوٹنے پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ سے ہی باہر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ اس نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مطابق بلے باز شیمرون ہٹمائر کی جگہ شمارا بروکس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے جو ہفتے کو آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔

شیمرون کے ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر ہونے کی وجہ آسٹریلیا کے لیے فلائٹ چھوٹ جانا بتایا جاتا ہے۔

شمیرون کو یکم اکتوبر کو فلائٹ کے ذریعے آسٹریلیا روانہ ہونا تھا۔ لیکن انہوں نے بورڈ سے درخواست کی کہ کچھ گھریلو مسائل کی وجہ سے وہ روانہ نہیں ہو سکیں گے۔ اس لیے ان کی فلائٹ تبدیل کر دی جائے۔

ویسٹ بورڈ نے شیمرون کی درخواست پر اگلی دستیاب فلائٹ پر ان کی سیٹ کنفرم کی اور انہیں مطلع کیا کہ وہ تین اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔ لیکن شیمرون نے تین اکتوبر کی فلائٹ سے بھی آسٹریلیا جانے سے معذرت کی اور بورڈ کے ڈائریکٹر کو آگاہ کیا کہ وہ اس فلائٹ میں بھی سوار نہیں ہو سکیں گے کیوں کہ وہ وقت پر ایئر پورٹ نہیں پہنچ سکیں گے۔

شیمرون نے جب دوبارہ بورڈ کو فلائٹ نہ لینے کے بارے میں آگاہ کیا تو سلیکشن پینل نے انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اسکواڈ سے ہی فارغ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ شیمرون کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ اگر دوسری بار بھی وہ بروقت جہاز میں سوار نہ ہوئے تو ان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں کسی اور کو شامل کر دیا جائے۔

بورڈ کے مطابق وہ بالکل بھی تیار نہیں ہے کہ ایک انتہائی اہم عالمی مقابلے کی تیاری میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے میچز میں ویسٹ انڈیز کا پہلا میچ اسکاٹ لینڈ سے 17 اکتوبر کو ہوگا۔

XS
SM
MD
LG