امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن نے پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ سے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حنا ربانی کھر نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پاکستان میں حال ہی میں مکمل ہونے والا پارلیمانی عمل ایک ایسا موقع فراہم کرتا ہے جس کے تحت دونوں ممالک شفاف اور باہمی احترام پر مشتمل تعلقات استوار کر سکیں۔
بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے بھی پاکستانی پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا۔
حنا ربانی کھر نے اس موقع پر ہلری کلنٹن کو بتایا کہ تعلقات کی نئی شرائط پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے پاکستان امریکی وفد کو خوش آمدید کہے گا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کابل میں طالبان عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں پر بھی بات چیت کی اور افغانستان میں استحکام اور قیام امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔