پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے آنجہانی خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک کی واشنگٹن میں ہونے والی آخری رسومات اور یادگاری تقریب میں توقع ہے کہ صدر آصف علی زردار ی بھی شرکت کریں گے ۔
مقامی میڈیا کے مطابق توقع ہے کہ صدر زرداری جنوری کے دوسرے ہفتے میں امریکہ کا دورہ کر کے باقاعدہ طور پر آنجہانی خصوصی سفارت کارکی خدمات کو خراج تحسین پیش کریں گے۔
رچرڈ ہالبروک مختصر علالت کے بعد 13 دسمبر کو انتقال کر گئے تھے۔ اُن کی آخری یادگاری تقریب 12 جنوری کو واشنگٹن میں طے ہے جس کے بعد اُنھیں دفن کیا جائے گا۔
رچرڈ ہالبروک کے انتقال کے بعد صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ”پاکستان ایک دوست سے محروم ہو گیا ہے “۔ صدر زرداری نے ہالبروک کو ایک منجھا ہوا سفارت کار قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ قلیل وقت میں طرفین کا اعتماد حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔