ایکشن اور تھرل کے شوقین افراد بڑی اسکرین پر اسٹنٹس دیکھ کر خوب لطف اٹھاتے ہیں۔ البتہ ان اسٹنٹس کو فلمانا اتنا ہی خطرناک ہوتا ہے جتنا یہ دکھائی دیتے ہیں۔
ہالی وڈ ہو یا بالی وڈ اسٹنٹس کے سین کی عکس بندی کرتے وقت ہدایت کار سے لے کر اداکار اور سیٹ پر موجود تمام افرد اسے محفوظ انداز میں سرانجام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود بھی فلموں کے سیٹ پر حادثات یا کوئی خطرناک واقعہ پیش آنا عام سی بات ہے۔
حال ہی میں ہالی وڈ فلم 'رسٹ' کے سیٹ پر اداکار ایلک بالڈون کے ہاتھوں ایک سنیما ٹوگرافر کی ہلاکت اور ہدایت کار کے زخمی ہونے کے بارے میں سب نے ہی سنا ہو گا۔
ماضی میں بھی فلموں کی شوٹنگ کے دوران اس قسم کے بے شمار واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں کبھی کوئی زخمی ہوا یا کسی کو جان سے ہی ہاتھ دھونا پڑے۔
سن 1984 میں ٹی وی سیریز 'کور اَپ' کی شوٹنگ کے دوران نوجوان اداکار جان ایرک ہیکسم نے انجانے میں سیٹ پر رکھی ایک گن سے خود پر فائر کیا تھا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔
ہالی وڈ میں فلموں کی شوٹنگ کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے کئی حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود کئی مشہور فلموں کے سیٹ پر چند ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جنہیں بھلایا نہیں جا سکتا۔
فلموں کے سیٹ پر پیش آئے ایسے ہی 13 واقعات کا مختصر ذکر کرتے ہیں:
1۔ بین ہر
سن 1959 میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ فلم 'بین ہر' جہاں اپنے 'چیریٹ ریس' سین کی وجہ سے آج بھی مقبول ہے وہیں یہ ایک ایسی فلم بھی ہے جس کے سیٹ پر اپنے دور کا ایک مشہور حادثہ رونما ہوا تھا۔
فلم کے اسی 'چیریٹ ریس' سین کے دوران ایک اسٹنٹ مین زخمی ہوا تھا اور اس زمانے کے اخبارات نے اس کے ہلاک ہونے کی خبر شائع کر دی تھی۔
لیکن فلم کے ہیرو چارلٹن ہسٹن نے اپنی سوانح حیات میں اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیٹ پر کوئی بھی شخص ہلاک نہیں ہوا تھا۔
2۔ کمز اے ہارس مین
کاؤ بوائے فلموں میں اداکار تھوڑا بہت زخمی ہوتے آئے ہیں۔ لیکن سن 1978 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں ایک اسٹنٹ مین کی موت واقع ہوگئی تھی۔
اسٹنٹ مین کی جان اس وقت گئی تھی جب ایک گھوڑے نے بِدک کر ٹریک سے الگ بھاگنا شروع کر دیا تھا۔
گھوڑے کے آف ٹریک ہو جانے سے اسٹنٹ مین کا سر ایک فینس سے ٹکرایا تھا جس سے آن کیمرا ہی ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔
فلم میں جیمز کان اور جین فونڈا کے ساتھ ساتھ جیسن روبارڈز نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
3۔ ٹوائی لائٹ زون: دی مووی
امریکی ہدایت کار اور فلم ساز اسٹیون اسپیلبرگ کی پروڈکشن کمپنی کو اس وقت سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب سن 1982 کی ہارر فلم 'دی ٹوائی لائٹ زون: دی مووی' کی شوٹنگ کے دوران ایک حادثے میں دو بچوں سمیت تین اداکار ہلاک ہوگئے تھے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب فلم کی عکس بندی کے دوران ایک ہیلی کاپٹر کریش ہو گیا تھا اور سیٹ پر موجود اداکار وک مورو اور دو چائلڈ اداکار اس کی زد میں آ گئے تھے۔
اس حادثے کے سبب فلم کے ہدایت کار جان لینڈس کو نہ صرف قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ اس کے بعد ہالی وڈ نے نئے 'سیفٹی اسٹینڈرز' بھی متعارف کرائے تھے۔
4۔ ٹاپ گن
سن 1986 میں ریلیز ہونے والی اداکار ٹام کروز کی فلم 'ٹاپ گن' اپنی ایریل فوٹو گرافی کی وجہ سے آج بھی مقبول ہے۔
فلم کا سیکوئل بھی آئندہ برس سنیما میں ریلیز ہونے والا ہے لیکن جہاں فلم کے ایکشن سین سب کو یاد ہیں وہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران ہلاک ہونے والے اسٹنٹ پائلٹ کو بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران آرٹ شول نامی اسٹنٹ پائلٹ ایک ایسا جہاز اڑا رہا تھا جس میں کیمرا نصب تھا تاکہ ایریل فوٹوگرافی کی جا سکے۔
اسی دوران اس کا جہاز کنٹرول سے باہر ہوا اور سمندر میں جاگرا۔ اس جہاز کا ملبہ اور پائلٹ کی لاش دونوں ہی نہیں مل سکی تھیں۔
5۔ دی کرو
مارشل آرٹ کے ذریعے دنیا میں اپنا نام بنانے والے بروس لی کے بیٹے برینڈن لی کی حادثاتی موت نے انہیں صدمے سے دوچار کر دیا تھا۔
ہالی وڈ میں اپنی پہلی بڑی فلم 'دی کرو' کے سیٹ پر اداکار برینڈن لی کی موت اس وقت ہوئی تھی جب سیٹ پر موجود گن سے نکلنے والی نقلی گولی نے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا۔
ڈاکٹرز اداکار برینڈن لی کو بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ صرف 28 برس کی عمر میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔
6۔ ایکس ایکس ایکس
فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز سے شہرت پانے والے اداکار ون ڈیزل نے اپنا کریئر ایک ایکشن اسٹار کے طور پر شروع کیا تھا۔
سن 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ایکس ایکس ایکس' کے ایک اسٹنٹ کے دوران ان کے اسٹنٹ ڈبل ہیری ایل او کونر ایک ایسے حادثے کا شکار ہوئے تھے جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
اسٹنٹ میں ون ڈیزل کے کردار کو ہوا سے ہوتے ہوئے ایک آب دوز پر لینڈ کرنا تھا لیکن ان کا اسٹنٹ کرنے والے اسٹنٹ ڈبل کی موت راستے میں آنے والے ایک پل سے ٹکرانے کے باعث ہوگئی تھی۔
7۔ کِل بل
ہدایت کار کوئنٹین ٹیرنٹینو کی بلاک بسٹر فلم 'کِل بل' کے سیٹ پر ایک ایسا حادثہ پیش آیا تھا جس نے فلم کی ہیروئن اما تھرمین کو اس قدر زخمی کیا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کو ہی معطل کرنا پڑی۔
اس حادثے کے نتیجے میں اداکارہ اوما تھرمین کی گردن اور گھٹنوں میں چوٹ لگی تھی۔ فلم کے ہدایت کار کی جانب سے معافی نے اس معاملے کو ختم کیا تھا۔
8۔ دی ڈارک نائٹ
ویسے تو بیٹ مین کا کردار لوگوں کی زندگیاں بچاتا ہے لیکن کرسٹوفر نولن کی فلم 'دی ڈارک نائٹ' میں ایک اسپیشل افیکٹس ٹیکنیشن جان کی بازی ہار گئے تھے۔
اکتالیس سالہ کونوے وکلیف کی موت اس وقت واقع ہوئی تھی جب اس کی گاڑی اسپیشل افیکٹس کی تیاری کے دوران ایک درخت سے جا ٹکرائی تھی۔
9۔ ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہیروز پارٹ ون
عموما 'فینٹسی' فلموں میں تمام ایکشن اسٹوڈیو کی محفوظ لوکیشن پر عکس بند کیے جاتے ہیں۔ لیکن سن 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ہیری پوٹر میں ایک معمولی اسٹنٹ نے ایک اسٹنٹ مین کو ہمیشہ کے لیے معذور کر دیا تھا۔
'ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہیروز پارٹ ون' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ڈینیئل ریڈ کلف کے اسٹنٹ ڈبل ڈیوڈ ہومز کو اڑتے ہوئے ایک دیوار سے ٹکرانا تھا۔
لیکن اس اسٹنٹ کی ٹائمنگ غلط ہونے کی وجہ سے 25 سالہ ہومز کی گردن میں ایسا فریکچر ہوا کہ ان کی گردن کے نیچے کے حصے نے زندگی بھر کے لیے کام کرنا چھوڑ دیا۔
10۔ دی ہینگ اوور پارٹ ٹو
عام طور پر کامیڈی فلموں میں اسٹنٹ کم ہی ہوتے ہیں لیکن 'ہینگ اوور' سیریز کی دوسری فلم میں ایک اسٹنٹ فلم کے پروڈیوسرز کو کافی مہنگا پڑا۔
فلم میں ایک اسٹنٹ کے دوران اسٹنٹ مین اسکاٹ مک لین شدید زخمی ہوئے تھے۔ تاہم اسٹنٹ مین نے فلم کے پروڈیوسرز کو عدالت لے جا کر زرِ تلافی لیا تھا۔
11۔ دی ایکس پینڈبلز
فلم 'دی ایکس پینڈبلز ٹو' کی شوٹنگ میں ایک سین کے دوران دھماکے میں کن لیو نامی اسٹنٹ مین کی موت واقع ہوئی تھی۔
اس حادثے کے بعد اسٹنٹ مین کے والدین پروڈیوسرز کو عدالت لے گئے جہاں ان کے حق میں فیصلہ سنایا گیا۔
اداکار جیٹ لی نے اپنے اسٹنٹ ڈبل کے لواحقین کو تقریباً چھ ملین ہانگ کانگ ڈالرز دے کر معاملہ ختم کیا تھا۔
12۔ ریزیڈینٹ ایول: دی فائنل چیپٹر
ہالی وڈ فلم 'ریزیڈینٹ ایول: دی فائنل چیپٹر' دیکھ کر یہ نہیں لگتا کہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران کئی حادثے ہوئے ہوں گے۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل اسٹنٹ میں اداکارہ میلا جوووچ کی اسٹنٹ ڈبل اولیویا جیکسن شدید زخمی ہو گئیں تھیں اور اس وجہ سے ان کا ہاتھ تک کاٹنا پڑ گیا تھا۔
اسی فلم کے سیٹ پر ایک اور اسٹنٹ مین ریکارڈو کارنیلیس گاڑی کے نیچے آ کر ہلاک ہو گئے تھے۔
13۔ ڈیڈ پول ٹو
سپر ہیرو فلم 'ڈیڈ پول ٹو' کی شوٹنگ کے دوران بھی اس وقت ایک حادثہ پیش آیا تھا جب اسٹنٹ ڈرائیور جوئی ہیرس اپنی موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھ سکے تھے اور ان کی موٹر سائیکل قریب ہی موجود عمارت کے شیشے کو توڑتی ہوئی اندر چلی گئی تھی۔ اس حادثے میں ان کی موت موقع پر ہی ہو گئی تھی۔
اس حادثے کے بعد عدالت نے سیفٹی اسٹینڈرز کی خلاف ورزی پر پروڈکشن کمپنی پر تین لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا۔