رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ: پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں


یہ جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب عدالتی عملے نے پولیس اہلکاروں کی مدد سے مانگ کاک کے علاقے میں ناتھن روڈ پر مظاہرے کے مقام پر لگائی گئی رکاوٹوں کو ہٹانے کا کام شروع کیا۔

ہانگ کانگ میں حکام کی طرف سے بدھ کو مظاہروں کے ایک مرکزی مقام کو خالی کروانے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

پولیس نے مظاہرین کی تحریک کے دو نمایاں طالب علم رہنماؤں سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

یہ جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب عدالتی عملے نے پولیس اہلکاروں کی مدد سے مانگ کاک کے علاقے میں ناتھن روڈ پر مظاہرے کے مقام پر لگائی گئی رکاوٹوں کو ہٹانے کا کام شروع کیا۔

منگل کو پولیس نے کہا تھا کہ انھوں نے مظاہرے کے ایک دوسرے مقام کو خالی کروانے کی کارروائی کے دوران 116 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں 20 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

عدالتی عملہ اور پولیس اہلکار عدالت کے حکم کے تحت مظاہروں کے کئی مقامات کو خالی کروا رہے ہیں۔

مظاہرے گزشتہ دو ماہ سے جاری ہیں تاہم اب یہ کمزور ہو رہے ہیں۔ کئی حالیہ عوامی جائزوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان مظاہروں کے حق میں عوامی حمایت میں کمی آ رہی ہے۔

مظاہرین 2017ء کے انتخابات کے مکمل طور پر جمہوری ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے سڑکوں پر اس وقت مظاہرے شروع کیے جب اگست میں چین کی طرف سے ایک قانون منظور کیا گیا کہ ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے تمام امیدواروں کی منطوری پہلے ایک کمیٹی دے گی جو چین نواز ارکان پر مشتمل ہو گی۔

مطاہرین ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ چین کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرے غیر قانونی ہیں اور وہ 2017ء کے الیکشن کے متعلق اپنا حکم واپس نہیں لے گا۔

XS
SM
MD
LG