ہانگ کانگ میں ہزاروں مظاہرین جمہوری اصلاحات کے مطالبے کے ساتھ بدھ کو بھی سڑکوں پر موجود ہیں جب کہ اسی دوران یہاں چین کی 65 ویں یوم آزادی کی تقریب بھی سرکاری طور پر منائی گئی۔
باوہینیا اسکوائر پر منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں اعلیٰ عہدیداروں اور حکام نے شرکت کی جب کہ اس سے کچھ ہی فاصلے پر جمہوریت نواز ہزاروں افراد نے بیجنگ کی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف مظاہرہ کرتے رہے۔
پرچم کشائی کی تقریب پر امن انداز میں اختتام پذیر ہوئی تاہم مظاہرین میں شامل درجنوں طلبا نے اس وقت نعرے بازی کی، جب چین کا قومی ترانہ بجایا جا رہا تھا۔
اتوار کے بعد سے ہانگ کانگ میں کسی پر تشدد واقعے کے اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ قبل ازیں پولیس کی طرف سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کا استعمال کیا تھا۔
مظاہرین یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ 2017ء میں ہونے والے انتخابات کے لیے بیجنگ امیدواروں کی چھان بین کا اپنا فیصلہ واپس لے۔
بدھ کو ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لیونگ چن ینگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیجنگ کا منصوبہ موجودہ انتخابی کمیٹی کے نظام سے بہت بہتر ہے جو کہ خطے کا رہنما چنتی ہے۔
"یہ بہت بہتر ہے کہ چیف ایگزیکٹو کو پچاس لاکھ اہل ووٹر منتخب کریں بجائے اس کے کہ 1200 لوگ اسے چنیں۔ یہ بہت بہتر ہے کہ لوگ پولنگ اسٹیشن پر جائیں اور اپنا ووٹ ڈالیں، بجائے اس کے کہ وہ الیکشن کمیٹی کے 1200 ارکان کو ووٹ ڈالتا دیکھیں۔"
لیونگ نے منگل کو مظاہرین کا ذکر کیے بغیر احتجاج کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن انھوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا تھا کہ وہ "حکومت کے ساتھ مل کر پرامن، قانونی اور تحمل مزاجی سے کام کریں۔"
مظاہروں کی قیادت کرنے والے ایک رہنما چان کن مین نے ان شہریوں سے معذرت کی ہے جن کے معمولات زندگی ان مظاہروں سے متاثر ہوئے۔ نمناک آنکھوں نے انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہانگ کانگ کے لوگ اس بات کو سمجھ سکیں گے کہ معمولات میں خلل کے باوجود مظاہرین " معاشرے میں طویل المدت ہم آہنگی کے لیے لڑ رہے ہیں۔"
ان مظاہروں کی وجہ سے بہت سے کاروباری مراکز، زیر زمین ریل اور بسوں کی آمدورفت میں تعطل آیا ہے۔
غیر ملکی حکومتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انھیں خدشہ ہے کہ یہاں تشدد نہ پھوٹ پڑے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ جان کیری بدھ کو واشنگٹن میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات میں اس صورتھال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔