سری لنکا نے بھارت کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر روہت شرما الیون کی فائنل میں رسائی مشکل کر دی ہے۔
منگل کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔
ایونٹ میں مزید تین میچز کھیلے جانے ہیں اور اب تک کوئی بھی ٹیم فائنل میں نہیں پہنچ سکی ہے۔ فائنل کھیلنے کے لیے تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کی جیت اور ہار پر انحصار کرنا ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سری لنکا دو میچز میں کامیابی کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے اور اسے پاکستان کے خلاف سپر فور مرحلے کا اپنا آخری میچ جمعے کو کھیلنا ہے۔
سپر فور مرحلے میں پاکستان نے اب تک ایک میچ کھیلا ہے جو دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے مزید دو میچز باقی ہیں۔ بھارت اپنے دونوں میچز میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کسی بھی پوائنٹس کے بغیر تیسرے نمبر پر ہے۔
سپر فور مرحلے کی چوتھی ٹیم افغانستان ہے جو ایک میچ میں ناکامی کے بعد چوتھے نمبر پر ہے اور اسے پاکستان اور بھارت کے خلاف میچز کھیلنا ہیں۔
بھارت کس طرح فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
بھارت کو فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف افغانستان کے خلاف جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں لازمی کامیابی درکار ہو گی بلکہ اسے پاکستان کی سری لنکا اور افغانستان کے ہاتھوں شکست کے لیے بھی دعا کرنا ہو گی۔
اگر بھارتی ٹیم جمعرات کو افغانستان کو شکست دے دیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد دو ہو گی اور اگر پاکستان نے سپر فور مرحلے میں دو میں سے ایک بھی میچ جیت لیا تو بھارت ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔
پاکستان بدھ کو افغانستان اور جمعے کو سری لنکا کے خلاف مدِ مقابل ہو گا۔ اگر گرین شرٹس کو دونوں میچز میں شکست ہوئی تو فائنل میں رسائی کے لیے اسے بھارت کے ساتھ رن ریٹ پر مقابلہ کرنا ہو گا۔ تاہم مزید ایک کامیابی اسے فائنل میں پہنچا دے گی۔
اگر افغانستان نے بھارت اور پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچز میں کامیابی حاصل کر لی تو وہ فائنل میں پہنچ جائے گا۔
اگر افغانستان نے پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کر لی اور بھارت سے اسے شکست بھی ہوئی تو اس صورت میں ان تینوں ٹیموں میں سے وہی ٹیم سری لنکا کے خلاف فائنل کھیلے گی جس کا رن ریٹ سب سے بہتر ہو گا۔