رسائی کے لنکس

امریکہ میں میموریل ڈے پر سابق فوجیوں کے قبرستان سے قومی پرچم چوری


امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے جنوب میں واقع سابق فوجیوں کے قبرستان سے 'میموریل ڈے' کے موقع پر ایک بڑے اور متعدد چھوٹے امریکی پرچم چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف ویٹرینز افیئرز نیشنل سیمیٹری ایڈمنسٹریشن کے ترجمان لیس میلنیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاس اینجلس نیشنل سیمیٹری سے اتوار کی شب یا پیر کی علی الصباح 'گیریسن فلیگ' چوری ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق امریکی فوجیوں کے قبرستان سے چوری ہونے والے پرچم کی لمبائی 25 فٹ اور چوڑائی 30 فٹ تھی۔

'گیریسن فلیگ' ایسا پرچم ہوتا ہے جو امریکہ میں قومی تعطیلات یا خاص مواقع پر لہرایا جاتا ہے۔ اس پرچم کا سائز بڑا ہوتا ہے جسے امریکی فوج استعمال کرتی ہے۔

​لیس میلنیک کے مطابق جس وقت پرچم چوری ہوا اس وقت قبرستان کے دروازے بند تھے۔ ان کے بقول، ویٹرینز افئیرز پولیس پرچم چوری ہونے کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

امریکہ میں ہر سال مئی کے آخری پیر کو 'میموریل ڈے' منایا جاتا ہے کا مقصد جنگوں میں جان دینے والے امریکی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہوتا ہے۔
امریکہ میں ہر سال مئی کے آخری پیر کو 'میموریل ڈے' منایا جاتا ہے کا مقصد جنگوں میں جان دینے والے امریکی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہوتا ہے۔

لیس میلنیک کا مزید کہنا ہے کہ پرچم کی چوری کا جرم ملک کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ دینے والوں کو ہماری جانب سے پیش کیے جانے والے احترام و اعزاز میں رکاوٹ پیدا نہیں کر سکتا۔

یاد رہے کہ جس قبرستان سے 'گیریسن فلیگ' چوری ہوا وہ ویٹرینز ایڈمنسٹریشن کے زیرِ انتظام ہے جہاں سابق فوجی مدفون ہیں اور اس قبرستان کو انیسویں صدی کے آخر میں بنایا گیا تھا۔

'میموریل ڈے پر ایسا واقعہ پیش آنا افسوس ناک ہے'

لاس اینجلس نیشنل سیمیٹری سپورٹ فاؤنڈیشن کی رضا کار ریبیکا ایڈمز کا کہنا ہے کہ میموریل ڈے کے موقع پر ایسا واقعہ پیش آنا افسوس ناک اور چونکا دینے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیریسن فلیگ کو عام طور پر تین لوگ سنبھالتے ہیں اور اسے اپنی جگہ سے ہٹانا اتنا آسان نہیں۔

یاد رہے کہ سنہ 1868 کی خانہ جنگی کے دوران مئی کے اواخر میں امریکہ میں 'میموریل ڈے' کا اجرا ہوا تھا، جس کا مقصد جنگوں میں جان دینے والے امریکی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

یہ دن اب ہر سال مئی کے آخری پیر کو منایا جاتا ہے اور اس روز امریکہ میں عام تعطیل ہوتی ہے۔

قومی تعطیل کے اس دن واشنگٹن ڈی سی سے کچھ دور واقع آرلنگٹن نیشنل سیمٹری کی طرح ملک کے دیگر فوجی قبرستانوں میں قبروں کے سرہانے قومی پرچم رکھے جاتے ہیں، جہاں ملک کے لیے جانیں دینے والے مدفون ہیں۔

غیر سرکاری اور روایتی طور پر یہ دن موسم گرما کے آغاز کی نوید لاتا ہے۔ امریکہ میں عام طور پر یہ ملکی سفر کے مصروف ترین دن ہوا کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG