رسائی کے لنکس

متعدد ملکوں کے لوگوں کو مشکلات اور اذیت کا سامنا رہا: رپورٹ


جان کیری نے کہا ہے کہ ’دنیا نے پاکستانی طالبان اور بوکوحرام کے ہاتھوں اسکول کے بچوں کے خلاف کیے گئےمظالم اور فتنہ انگیزی کے خوفناک مناظر اور حملے دیکھے; چارلی ہیبڈو کے صحافیوں کا قتل اور داعش کے ہاتھوں ہونے والے متعدد مظالم اور ہلاکتیں دیکھی ہیں‘

امریکی محکمہٴخارجہ نے انسانی حقوق کے بارے میں 2014ء کی سالانہ رپورٹس جاری کی ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ گذشتہ سال بیشمار لوگوں کو مشکلات اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

جمعرات کو رپورٹیں جاری کرنے کے موقعے پر، اپنے کلمات میں وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ دہشت گرد گروپ، مذہبی اظہار خیال اور تقسیم کو بنیاد بنا کر اپنے مطلق العنان نظریے کو دوام بخشنے کے خواہاں رہے یا شام جیسی حکومتیں، یا پھر کبھی کبھار دہشت گردی کے انسداد کے نام پر، انسانی مشکلات اور اذیت میں اضافے کے ذمہ دار بنے۔

کیری نے کہا کہ اِن تمام باتوں کے باوجود، سیاسی آزادی اور ایمانداری اور شہریوں کو مشکلات سے دوچار نہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی عمل داری کے حق میں انسانی خواہشات نمایاں رہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسابقت پر مبنی انتخابات میں لوگوں نے اپنے رہنما منتخب کیے، جیسا کہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔

بقول اُن کے، ’ہم ایسے وقت زندگی بسر کر رہے ہیں جب علم تک رسائی اور تبدیلی کے لیے آزاد ماحول انتہائی لازم ہیں۔ کوئی بھی ملک اپنی صلاحیت سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کر سکتا جب تک اُس کی عوام کو پس پشت رکھا جائے، یا اِس سے بھی زیادہ، اگر اُنھیں ظلم و ستم میں الجھا کر رکھا جائے۔۔۔ اِن رپورٹس کی وجہ سے کبھی کبھار تکلیف کا احساس ہوتا ہے، جب کوشش یہ جاتی ہے کہ اس کی قدر اور ساکھ پر سوالات اٹھائے جائیں۔ سچ پر زیادہ دیر تک پہرہ نہیں لگایا جاسکتا، اُسے دبایا نہیں جا سکتا، یا شکست نہیں دی جاسکتی۔ اس میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ لیکن، جیت ہمیشہ سچ ہی کی ہوتی ہے‘۔

کیری نے کہا کہ ’مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے کچھ علاقوں میں پُرتشدد انتہا پسندوں نے انسانی حقوق اور انسانی زندگی کی تعظیم سے انکار کر رکھا ہے۔ داعش جیسے گروہ انسانوں کو زندہ جلاتے ہیں، بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیدیوں کے سر قلم کرتے ہیں، لڑکیوں کو بیچتے اور غلامی کی بھینٹ چڑھاتے ہیں، اور بے گناہ افراد کو کھلے عام اوربلا امتیار پھانسیاں دیتے ہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’دنیا نے پاکستانی طالبان اور بوکوحرام کے ہاتھوں اسکول کے بچوں کے خلاف کیے گئےمظالم اور فتنہ انگیزی کے خوفناک مناظر اور حملے دیکھے ہیں؛ چارلی ہیبڈو کے صحافیوں کا قتل اور داعش کے ہاتھوں ہونے والے متعدد مظالم اور ہلاکتیں دیکھی ہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’باقی ملکوں کے علاوہ چین، مصر، اریٹریا، اتھیوپیا، ایران، روس اور سعودی عرب آزاد میڈیا اور متمدن معاشرے کی ترقی کو صلب کرنے کے ہتھکنڈے جاری رکھے ہوئے ہیں، اور صحافیوں، بلاگرز اور عدم تشدد پر عمل پیرا ناقدین کی آواز کچلنے کے حربے استعمال کر رہے ہیں‘۔

کیری نے کہا کہ تھائی لینڈ میں فوج نے جمہوری طور پر منتخب حکومت کی بساط لپیٹ دی، آئین کو معطل قرار دیا اور شہری آزادیوں کو انتہائی محدود کرکے رکھ دیا۔

تاہم، جان کیری نے کہا کہ،’ ہر براعظم میں دیوار برلن منہدم ہونے کی پچیسویں سالگرہ منائی گئی؛ جب کہ انسانی حقوق کی سربلندی، احتساب پر مبنی عمل داری۔۔۔ جن اقدار نے اِس تاریخی دن کو پروان چڑھایا۔۔ یہ احساس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے‘۔

XS
SM
MD
LG