رسائی کے لنکس

ڈوبنے سے بچنے والے سینکڑوں پناہ گزیں اٹلی پہنچ گئے


اطالوی ساحل کے محافظوں نے بتایا ہے کہ یہ گروپ جس میں 48 بچے اور 94 خواتین شامل ہیں، خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں سے زیادہ تر کا تعلق شام اور سب صحارہ کے ملکوں سے ہے

ناروے کے بحری جہاز میں سوار تقریباً 800 پناہ گزیں ہفتے کے روز اٹلی پہنچے، جنھیں جمعرات کو لیبیا کے ساحل پر ڈوبنے سے بچا لیا گیا تھا۔

اطالوی ساحل کے محافظوں نے بتایا ہے کہ یہ گروپ جس میں 48 بچے اور 94 خواتین شامل ہیں، خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں سے زیادہ تر کا تعلق شام اور سب صحارہ کے ملکوں سے ہے۔

صحت کے ابتدائی تجزئے کے بعد اُنھیں ریجیو کلاباریا کی بندرگاہ منتقل کردیا گیا۔ اِن پناہ گزینوں کو اٹلی میں قائم استقبالیہ مراکز کی جانب بھیجا جائے گا۔

دریں اثنا، مغربی ترکی میں سڑک کے ایک حادثے میں شام کے نو پناہ گزیں ہلاک اور 31 زخمی ہوئے، جب وہ ساحل سمندر ایک قصبے کی جانب جارہے تھے، جب کہ اُن کی منزل مقصود یونانی جزیروں تک پہنچنا تھا۔

ادھر، یورپی یونین نے رکن ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ سرحدوں کی نگرانی پر مامور ایجنسی، ’فرونٹکس‘ کی مدد کے اپنے وعدوں کو پورا کریں، تاکہ مختلف ممالک خصوصی طور پر یونان نقل مکانی کرنے والوں کی یلغار کا سامنا کیا جا سکے۔

یورپی قائدین نے اس سال کے اوائل میں ’فرونٹکس ایجنسی‘ کے بجٹ کو بڑھا کر تین گنا کرنے اور اضافی وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاکہ غربت اور مسلح تنازعات سے فرار ہوکر مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیاء سے آنے والے ہزاروں لوگوں کا سامنا کیا جاسکے۔

’فرنٹکس ایجنسی‘ نے جمعہ کو بتایا کہ صرف جولائی کے دوران 49550 افراد یونان کے راستے فرار ہوکر یورپ پہنچے جو گزشتہ پورے سال کے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ تھا۔

’فرونٹکس‘ کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، گل ایراس فرننڈیز کہتے ہیں کہ اضافی فنڈ کے باوجود، فرونٹکس شائد ان ممالک کی مدد نہ کرسکے جنھیں مدد کی ضرورت ہے، جب تک کہ انھیں ضروری آلات میسر نہ آجائیں۔ میں یورپی ممالک پر زور دوں گا کہ وہ اس کارروائی کے ضمن میں فرونٹکس کو درکار مزید وسائل کی فراہمی کا وعدہ کریں‘۔

یونان میں جمعہ کو متعلقہ وزراء کے ایک اجلاس میں یونانی وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی بحالی کی جدوجہد میں مصروف ان کا ملک یورپی یونین کی مدد کے بغیر نقل مکانی کے اس سیلاب کو نہیں روک سکتا۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے تخمینہ لگایا ہے کہ اس سال ایک لاکھ 7 ہزار پناہ گزین یونان پہنچیں گے جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنا تعداد ہے۔

XS
SM
MD
LG