رسائی کے لنکس

ٹیکس الزامات: صدر بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر پر فردِ جرم عائد


امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن پر ٹیکسوں کی ادائیگی سے متعلق نو الزامات پر مشتمل فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اسپیشل کونسل کی تحقیقات کے سلسلے میں سامنے آںے والے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ہنٹر بائیڈن کو 17 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

ہنٹر بائیڈن پر 2016 اور 2019 کے درمیان کم از کم چودہ لاکھ ڈالر ٹیکس ادا نہ کرنے کا الزام ہے جسے بعدازاں ادا کر دیا گیا تھا۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ہنٹر بائیڈن نے 2020 میں ٹیکس ادا کر دیا تھا اور اسی برس پرانے ٹیکسز کی ادائیگی بھی تھرڈ پارٹی کے ذریعے کی گئی۔

صدر بائیڈن کے صاحبزادے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کے الزامات ایسے وقت لگے تھے جب انہوں نے نشے سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

ہنٹر بائیڈن کی فردِ جرم میں عائد کردہ نو الزامات میں سے تین سنگین جرم اور چھ برے رویے سے متعلق ہیں۔ اس کے علاوہ ہنٹر بائیڈن پر ان کی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں نشہ کرنے والے لوگوں کے پاس اسلحہ کی ممانعت کرنے والے قانون کی خلاف ورزی کے وفاقی الزامات بھی ہیں۔

خصوصی وکیل ڈیوڈ ویس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہنٹر بائیڈن نے "اپنے ٹیکس کے بل ادا کرنے کے بجائے اسراف طرزِ زندگی پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔"

دوسری جانب وکیل دفاع اٹارنی ایبی لوویل نے اسپشل کونسل ڈیوڈ ویس پر اس مقدمے میں "ری پبلکن دباؤ کے سامنے جھکنے" کا الزام لگایا ہے۔

خیال رہے کہ اسپیشل کونسل کی جانب سے ہنٹر بائیڈن کے خلاف الزامات پر کارروائی میں ایسے وقت میں تیزی آئی ہے جب 2024 کے صدارتی انتخابات قریب آرہے ہیں۔

وکیل دفاع نے ایک بیان میں کہا، "حقائق اور قانون کی بنیاد پر اگر ہنٹر بائیڈن کا آخری نام بائیڈن کے علاوہ کچھ (اور) ہوتا تو ڈیلاویئر اور اب کیلی فورنیا میں الزامات عائد نہ کیے جاتے۔"

وائٹ ہاؤس نے فردِ جرم پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اس سلسلے میں سوالات محکمۂ انصاف یا ہنٹر بائیڈن کے ذاتی نمائندوں سے کرنے کو کہا ہے۔

واضح رہے کہ ہنٹر بائیڈن کیلی فورنیا میں رہائش پزیر ہیں اور ان کے خلاف نئے الزامات میں منشیات اور گرل فرینڈز سے لے کر لگژری ہوٹلوں اور غیر ملکی کاروں تک ہر چیز پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات شامل ہیں۔

اس اثنا میں کانگریس کے ری پبلکن ممبران صدر بائیڈن کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ صدر بائیڈن اپنے بیٹے کو تحفظ دینے میں اثر و رسوخ استعمال کرنے میں شامل تھے۔

توقع ہے کہ ایوان اگلے ہفتے انکوائری کو باضابطہ طور پر اجازت دینے پر ووٹ دے گا۔

خبر رساں ادارے "ایسو سی ایٹڈ پریس" کے مطابق صدر بائیڈن کے خلاف الزامات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے کہ انہوں نے اپنے سابقہ یا موجودہ دور اقتدار میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کیا یا انہوں نے کوئی رشوت قبول کی۔

تاہم بائیڈن خاندان کے بین الاقوامی بزنس کرنے کے انداز کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

وکیل دفاع اگلے ہفتے ہنٹر بائیڈن کے خلاف اسلحہ سے متعلق مبینہ طو ر پر 'غیر معمولی اور غیر آئینی' الزامات کو مسترد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ ہنٹر بائیڈن کے منشیات کے استعمال کو ترک کرنے کی جدوجہد 2015 میں ان کے بھائی بیو بائیڈن کی موت کے بعد مزید خراب ہو گئی تھی۔

اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG