|
امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے ٹیمپا بے میں کیٹیگری 4 کے سمندری طوفان ملٹن کے آج بدھ کی رات ٹکرانے کا امکان ہے۔
ٹیمپا بے علاقے میں 33 لاکھ کے قریب افراد مقیم ہیں جنہیں حکام کی جانب سے انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ملٹن طوفان کی شدت کیٹیگری چار اور پانچ کے درمیان ہے۔
سمندری طوفان، کیٹیگری یا ان کی شدت سے ماپے جاتے ہیں اور کیٹیگری پانچ سب سے زیادہ شدت والے طوفان کو دی جاتی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق علاقے میں پینلاس کاؤنٹی میں ایمرجنسی مینیجمنٹ کی ڈائریکٹر کیتھی پرکنز نے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے سے نکل جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیمپا بے میں بڑے پل اور سڑکیں دوپہر کے بعد بند کر دی جائیں گی اور انخلا کرنے والے افراد کے لیے شیلٹرز کھلے رہیں گے۔
امریکہ کے نیشنل ہری کین سینٹر کی رپورٹ کے مطابق ملٹن بدھ کی صبح ٹیمپا بے سے 230 میل جنوب مغرب کی جانب موجود ہے اور اس وقت اس کی ہواؤں کی رفتار 155 میل فی گھنٹہ تھی۔
یاد رہے کہ ملٹن طوفان سے محض دو ہفتے قبل فلوریڈا میں ہیلین طوفان ٹکرایا تھا جس کی وجہ سے 230 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اے پی کے مطابق ملٹن طوفان سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طوفانی لہروں کی اونچائی 12 فٹ اور ریاست کے جنوب کے بعض علاقوں میں یہ اونچائی 15 فٹ تک پہنچ سکتی ہے۔
بدھ کے روز فلوریڈا کے جنوب میں تیز بارش شروع ہو گئی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ طوفانی حالات میں آج شام مزید شدت آ سکتی ہے۔ موسمیاتی اداروں کے مطابق طوفان سے اوسط 6 سے 12 انچ، اور بعض علاقوں میں 18 انچ تک بارش ہوسکتی ہے۔ اس قدر شدید بارش کی وجہ سے موسمیاتی ادارے شدید سیلابی صورت حال اور اس کے ساتھ ٹورنیڈوز، یعنی ہوائی بگولوں کے بارے میں بھی وارننگ دے رہے ہیں۔
موسمیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ طوفان کے زمینی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد بھی شدت برقرار رہنے کے امکانات ہیں۔
حکام نے فلوریڈا کی 11 کاؤنٹیز میں لازمی انخلا کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان گیارہ کاؤنٹیز کی 59 لاکھ کے قریب آبادی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی علاقہ نہیں چھوڑتا، تو اپنی سلامتی کا وہ ذمہ دار ہے، کیونکہ طوفانی حالت کے دوران ریسکیو ورکرز اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر آپریشن نہیں کر رہے ہوں گے۔
اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا۔
فورم