پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ کرکٹ 2019 کے لئے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان لاہور میں پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اسکواڈ میں حتمی طور پر شامل کئے گئے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حسنین، شاداب خان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض سینئر اور تجربہ کار بالر ہیں، انہیں فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے لئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ ڈاکٹرز نے شاداب خان کو بھی صحت مند قرار دے دیا ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر کے پاس انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے ان کا اکانومی ریٹ بھی اچھا ہے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض بھی انگلینڈ میں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ ٹیم کو وہاب ریاض کی ضرورت تھی وہ ریورس سوئنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ آصف علی کو ان کی پاور ہٹنگ کی وجہ سے عابد علی پر فوقیت دی گئی ہے۔ آصف علی نے انگلینڈ میں اچھی بیٹنگ کی ہے اور انگلینڈ کی پچز اور کنڈیشنز میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے وہ سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، عابد علی اور فہیم اشرف بیک اپ کے طور پر انگلینڈ میں ہی موجود رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ سے قبل ورلڈ کپ کے لئے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جبکہ حتمی اسکواڈ کا اعلان آج کیا گیا۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق، اسکواڈ میں تبدیلی کی آخری تاریخ 23 مئی ہے جس کے بعد کسی بھی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔
ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ابتدائی 15 رکنی ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عامر شامل نہیں تھے۔ تاہم، انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔