آئس لینڈ کی حکومت نے ملک کے ایک اہم آتش فشاں پہاڑ کے پھٹنے کے خدشے کے پیشِ نظر علاقے میں پروازوں کے لیے 'الرٹ' جاری کردیا ہے۔
ہفتے کو ملک کے وسطی حصے میں واقع 'بردربونگا' نامی آتش فشاں پہاڑ کے نزدیک ایک گلیشیئر سے لاوے کا کچھ حصہ باہر آنے کے بعد حکومت نے علاقے میں 'ریڈ' الرٹ جاری کردیا تھا جو انتہائی درجے کا خطرہ ظاہر کرتا ہے۔
تاہم حکام نے تازہ ارضیاتی ڈیٹا کے مطالعے کے بعد اتوار کو انتباہ ایک درجہ کم کرنے کے بعد 'اورینج' کردیا ہے جس کے بعد علاقے میں ہوائی جہازوں کی پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی اٹھالی گئی ہے۔
حکام نے گزشتہ روز آتش فشاں سے راکھ نکلنے کے خدشے کے پیشِ نظر 100 سے 140 ناٹیکل میل کے علاقے کو 'نو فلائی زون' قرار دے دیا تھا۔
خیال رہے کہ'بردربونگا' نامی اس علاقے میں آئس لینڈ کا سب سے بڑا آتش فشاں پہاڑوں کا نظام موجود ہے جو ایک بڑے گلیشیئر کے نیچے دفن ہے۔
گزشتہ ہفتے اس علاقے میں زلزلے کے ہزاروں جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے بعد حکومت نے علاقے میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دے دیا تھا۔
علاقے میں اتوار کو بھی 3ء5 اور 5 شدت کے دو زلزلے محسوس کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ الرٹ میں ایک درجہ کمی کے باوجود علاقے میں بذریعہ سڑک سفر پر پابندی اور لوگوں کے انخلا کا حکم برقرار رہے گا۔
سنہ 2010 میں آئس لینڈ ہی کے ایک آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے باعث یورپ کی فضائی حدود میں طیاروں کی پروازوں پر کئی دن تک پابندی عائد رہی تھی جس کےنتیجے میں ایک کروڑ افراد متاثر اور ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوا تھا۔