قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم ’پاکستان سپر لیگ‘ میں کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔ عماد وسیم اس وقت ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس بات کا اعلان ’کراچی کنگز‘ کے صدر، شاہد خان آفریدی نے منگل کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
عماد وسیم اس فیصلے پر کافی خوش دکھائی دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں ہمیشہ ان کہ بہت ہمت افزائی کی ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لئے فیلڈ اور ڈریسنگ روم میں آفریدی کی موجودگی ہی کافی ہے، ان کا تجربہ ہماری رہنمائی کرے گا۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے اپنےخیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سے ہماری کرکٹ میں کئی انداز سے انقلاب آیا ہے اور قومی ٹیم کے متعدد کرکٹ اسٹار پی ایس ایل میں سامنے آئے اور انہیں اسی سے شہرت ملی۔
عماد وسیم کراچی کنگز کے تیسرے کپتان ہیں۔ پی ایس ایل 2 میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے ٹیم کی قیادت کی تھی جنہیں اب ٹیم کے اسکواڈ سے فارغ کردیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک بھی کراچی کنگز کی کپتانی کر چکے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن آئندہ سال ہوگا جس میں پہلی بار چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پی ایس ایل 2 کی فاتح پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔
اسلا آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے دونوں سیزیز کھیل چکی ہیں، جبکہ تیسرے سیزن میں ملتان سلطان پہلی بار شرکت کرے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فروری میں آغاز ہوگا، جبکہ اس ٹورنامنٹ کے متعدد میچز پاکستان میں کروانے کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل3 کے دو پلے آف میچز لاہور جبکہ فائنل کراچی میں کرانے کے خواہاں ہیں۔