رسائی کے لنکس

آئی ایم ایف کی پاکستان کو پچاس کروڑ ڈالر سے زائد کی قسط جاری کرنے کی منظوری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی قسط کے اجراء کے بعد پاکستان کو فراہم کردہ قرض تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ ’آئی ایم ایف نے 2013ء میں پاکستان کو تین برسوں کے دوران کل سات ارب 78 کروڑ سے زائد کا قرض قسطوں کی صورت میں دینے کی منظوری دی تھی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ نے پاکستان کے لیے پچاس کروڑ چودہ لاکھ ڈالر قرض کی قسط کی منظوری دی ہے جو فوری طور پر جاری کی جائے گی۔

’آئی ایم ایف‘ کے بیان کے مطابق پاکستان کے اقتصادی شعبے میں اصلاحات کا چھٹا جائزہ مکمل ہو گیا ہے۔

نئی قسط کے اجراء کے بعد پاکستان کو فراہم کردہ قرض تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ ’آئی ایم ایف نے 2013ء میں پاکستان کو تین برسوں کے دوران کل سات ارب 78 کروڑ سے زائد کا قرض قسطوں کی صورت میں دینے کی منظوری دی تھی۔

ہر قسط کی ادائیگی سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ کا مشن پاکستان میں مجوزہ اقتصادی اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیتا ہے۔

رواں ماہ ہی ’آئی ایم ایف‘ کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر مسعود احمد نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے تجویز کی گئی اقتصادی اصلاحات سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ سرمائے کی فراہمی اور تکنیکی معاونت کے ذریعے پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔ تاہم مسعود احمد کا کہنا تھا کہ معیشت کے شعبے میں عدم توازن دور کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اصلاحاتی ایجنڈے پر سختی سے عمل جاری رکھنا ہو گا۔

وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت کی بحالی اُس کے ایجنڈے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈٓار نے ایک روز قبل ہی قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کئی مشکلات کے باوجود گزشتہ دو برسوں میں پاکستانی معیشت کے اشاریے مسلسل بہتر ہوئے ہیں۔

پاکستان کے اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے اور حالیہ مہینوں میں تجارتی خسارہ بھی کم ہوا ہے جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی گئی رقوم سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بھی بڑھے ہیں

XS
SM
MD
LG