رسائی کے لنکس

عمران خان کی واشنگٹن آمد، پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے


پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سہ روزہ دورہ امریکہ پر ہفتے کی شام واشنگٹن ڈی سی پہنچے۔

اس سے قبل ایک نجی پرواز کے ذریعے ڈیلس ایئرپورٹ آمد پر امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر حکام، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سفیر اسد مجید خان نے ان کا استقبال کیا۔

ان کے ہمراہ آنے والے وفد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد اور سکریٹری خارجہ، سہیل محمود شامل ہیں۔

سفیر کی رہائش گاہ پر، ہفتے کی شام وزیر اعظم نے پرانے دوستوں سے ملاقات کی۔

پروگرام کے مطابق، 21 جولائی کو وزیر اعظم ’کیپیٹل ون ایرینا‘ کے آڈیٹوریم میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔

بعد ازاں، وہ پاکستانی بزنس سمٹ میں شرکت کریں گے۔

وہ عالمی بینک کے سربراہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی قائم مقام سربراہ سے ملاقاتیں کریں گے؛ اور بزنس کمیونٹی اور تاجروں سے ملیں گے۔

پیر، 22 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا وائٹ ہاؤس میں خیرمقدم کریں گے، جس کے بعد دونوں سربراہان کے درمیان باضابطہ بات چیت ہوگی۔

اسی روز، وہ پاکستان امریکہ بزنس کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی۔

منگل، 23 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان کی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر، نینسی پلوسی سے ملاقات ہوگی۔

اسی روز وزیر اعظم مقامی تھنک ٹینک کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وہ کیپیٹل ہل کا دورہ بھی کریں گے، اور بعد ازاں امریکی میڈیا کے نمائندوں کو انڑویو دیں گے۔

XS
SM
MD
LG