رسائی کے لنکس

عمران خان کی روضہٴ رسول پر حاضری، مدینے سے جدہ آمد


اپنے پہلے غیر ملکی سرکاری دورے پر، وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچ گئے ہیں، جہاں گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔

ان کے استقبال کے لیے ائرپورٹ پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصل خانے کے افسران موجود تھے۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، فواد چوہدری اور مشیر عبدالرزاق داؤد وفد میں شامل ہیں۔ آئی ایس آئی کے سربراہ وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

بعد ازاں، وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وفد نے روضہ رسولﷺپر حاضری دی۔ وفد کے لئےخصوصی طور پر روضہ رسولﷺکے دروازے کھولےگئے۔

وزیر اعظم کی آمد پر سینکڑوں پاکستانی مسجد نبوی میں جمع ہوگئے اور وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ریاض الجنہ میں نماز مغرب ادا کی، نماز اور نوافل کی ادائیگی کے بعد وہ جدہ روانہ ہوگئے۔

سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے میں، وزیر اعظم جدہ پہنچے جہاں ائرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان، سعودی حکام اور قونصل خانے کے افسران نے انکا استقبال کیا۔

اپنے دو روزہ دورے میں وزیر اعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے؛ جب کہ سعودی فرمانروا وزیر اعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

پاکستانی وفد میں شامل وزرا باہمی تعاون کے امور پر بات چیت کے لیے اپنے ہم منصب سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران عمران خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے بھی ملاقات کریں گے۔

عمران خان اپنے پہلے سرکاری دورے میں سعودی عرب میں مختلف مذہبی مقامات کی زیارت اور عمرہ بھی ادا کریں گے۔

سعودی عرب کے دورے کے بعد 19 ستمبر کو وزیر اعظم اپنے وفد کے ہمراہ ابو ظہبی کا دورہ کریں گے جہاں ان کا استقبال متحدہ عرب امارات کے امیر محمد بن زائد النہیان کریں گے۔ وزیر اعظم یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے امیر کی دعوت پر کریں گے جہاں دونوں رہنما باہمی مفادات پر بات کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کے اس دورہ کے حوالے سے پاکستان میں خاصی امیدیں پائی جاتی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ سعودی عرب اس دورہ کے بعد پاکستان کی معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔ اس وقت پاکستان کو فوری طور پر 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے اور سعودی عرب کی طرف سے اگر پاکستان کو مدد فراہم کی جاتی ہے تو پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل سکتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے غیر ملکی سرکاری دورے کے لیے سعودی عرب کو چنا ہے اور اس کے چند روز بعد وزیر اعظم چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔

XS
SM
MD
LG