رسائی کے لنکس

چین کے ساتھ اقتصادی راہداری منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا: عمران خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور چین کے ساتھ 60 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا حامل اقتصادی راہداری کا منصوبہ بعض حلقوں کی جانب سے مخالفت کے باوجود ہر حال میں مکمل کیا جائے گا۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے چینی قیادت کا ایک پیغام وزیر اعظم عمران خان کو پہنچایا جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک دوستی اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے چین نے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چین تعلقات دوستی کی اعلیٰ مثال پیش کرتے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔

دورے کے اختتام پر اُنہوں نے اتوار کے روز کہا کہ ملک کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والیوں تبدیلیوں کے باوجود چین پاکستان کے دوستانہ تعلقات غیر متزلزل رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کے دورے کا مقصد پاکستان میں وجود میں آنے والی نئی حکومت کے ساتھ رابطہ قائم کرنا تھا تاکہ دو طرفہ تعاون کو زندگی کے تمام شعبوں تک وسعت دی جا سکے۔

دورے کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے عمران خان کو چینی وزیر اعظم کیچیانگ کی طرف سے چین کے دورے کی دعوت بھی دی جسے وزیر اعظم عمران خان نے قبول کر لیا۔

دورے کے دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

اتوار کے روز چینی وفد نے پاکستان کے ترقی اور اصلاحات کے وزیر مخدوم خسرو بختیار سے وفود کی سطح پر بات چیت میں اتفاق کیا کہ 60 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے اقتصادی راہداری منصوبے میں چین اور پاکستان کے مشترکہ دوست ممالک کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے تاکہ منصوبے میں سماجی شعبے اور علاقائی ترقی کی سکیمیں بھی شامل کی جا سکیں۔ پاکستانی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ترکی، سعودی عرب اور روس کو اقتصادی راہداری منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG