پاکستان کے وزیراعظم عمران کو نوبیل انعام دینے کی تحریک سوشل میڈیا پر زور پکڑ گئی ہے۔ یہ مطالبہ عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
جمعہ کو ٹوئیٹر پر ٹاپ ٹرینڈ نوبیل پیس پرائز فار عمران خان بن گیا اور عام لوگوں کے علاوہ مشہور شخصیات نے بھی اس ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کیے۔
امریکی کامیڈین جیریمی مک لیلن نے ٹویٹ کیا، کیا ہم اوباما سے نوبیل انعام واپس لے کر عمران خان کو دے سکتے ہیں؟ اس ٹویٹ کو 13 ہزار افراد نے ری ٹویٹ اور 41 ہزار نے لائیک کیا۔
تحریک انصاف کی رہنما عبدلیب عباس نے جیمز فری مین کلارک کا قول شیئر کیا، سیاست دان اگلے الیکشن کے بارے میں سوچتا ہے، لیڈر اگلی نسل کی فکر کرتا ہے۔
سارہ تاثیر نے لکھا۔ کوئی شک نہیں کہ ہمارے سوپر ہیرو وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کے دل جیت لیے ہیں۔ اب برائے مہربانی پاکستان کو غیر ریاستی عناصر سے پاک کیجیے۔
اس ٹرینڈ پر عمران خان کے مخالفین اور بھارت سے بھی کچھ لوگوں نے تبصرے کیے۔ رس گلہ بن چینی نام کے اکاؤنٹ پر مطالبہ کیا گیا کہ انتہائی مطلوب مسعود اظہر اور حافظ سعید کو حوالے کریں اور نوبیل انعام لے لیں۔
ادی شنکر نے مذاق کیا کہ اگر عمران خان کے لیے امن انعام کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے تو انھیں فزکس کا نوبیل انعام دیا جائے۔
ویب سائٹ چینج ڈاٹ کام پر عمران خان کو نوبیل انعام دینے کی پٹیشن پر ایک لاکھ افراد آن لائن دستخط کر چکے ہیں۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ عمران خان کے پرستاروں کی خواہش اپنی جگہ لیکن اس سال ان کے لیے نوبیل انعام جیتنا بہت مشکل ہے کیونکہ جاپان نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اس انعام کے لیے نامزد کیا ہوا ہے