ترکی، روس اور ایران نے جمعے کے روز ایک سمجھوتے پر اتفاق کیا جس کے تحت اُن کے ملک آئندہ چھ ماہ تک شام کے صوبہٴ ادلب میں کشیدگی سے پاک زون کی نگرانی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
یہ بات ایک مشترکہ بیان میں کہی گئی ہے، جو تینوں ملکوں کی جانب سے قزاقستان میں منعقدہ مذاکرات کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
آستانہ میں امن بات چیت کے تازہ ترین دور میں، تینوں ملکوں نے شام کے گرد و نواح میں کشیدگی سے پاک دیگر زونز پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے، رابطے کا مرکز قائم کرنے سے اتفاق کیا۔
ترکی کے وزیر خارجہ کے مطابق، کشیدگی میں کمی لانے سے متعلق زونز کے اندر ’’کنٹرول اور عمل درآمد‘‘ کے مقامات پر تینوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے مبصرین تعینات کیے جائیں گے۔
وزارتِ خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’مبصرین کا اہم کام حکومت اور مخالفیں کے مابین تنازعات کو دور کرنا اور جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزیوں پر نظرداری رکھنا ہے‘‘۔
روس کے خبر رساں ادارے، ’آر آئی اے نووستی‘ نےشام امن مذاکرات میں شریک روس کے نمائندے، الگزینڈر لاورینتیف کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایسے میں جب تینوں ملکوں نے کشیدگی گھٹانے کے زونز کے معاملے پر اتفاق کیا، یہ کام کس طرح مکمل کیا جائے گا، اس کی تفصیل طے ہونا باقی ہے۔