رسائی کے لنکس

اندرا گاندھی کو بیٹی کا شوق تھا: نئی کتاب میں انکشاف


اندرا گاندھی
اندرا گاندھی

سابق سفیر نٹور سنگھ نے اپنی کتاب میں اندرا گاندھی کا وہ خط شامل کیا جس میں انہوں نے ایک لڑکی کی ماں بننے کی آرزو کااظہار کیا ہے

آج یوم خواتین عالمی سطح پر منایا جارہا ہے۔ ایسے موقع پر دنیا بھر میں خواتین کو سماج میں ان کا مستحق مقام دینے کی باتیں تو بہت ہوتی ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہی ہے۔ آج بھی سماج میں لڑکی کی پیدائش کو بوجھ تصور کیا جارہا ہے۔

بھارت میں تو لڑکیوں کو پیدائش سے پہلے ہلاک کرنے کا رواج چل پڑا ہے۔ لیکن لڑکی کو ا یک نعمت خداوندی سمجھ کر اس کا احترام کرنے کی مثالیں بھی موجود ہیں۔

بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے بارے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیٹی کی ماں بننا چاہتی تھیں۔ اس خواہش کا اظہار انہوں نے سابق سفارت کارکے نٹور سنگھ کو لڑکی کی پیدائش پر مبارک بادی کے مکتوب میں کیا تھا۔

نٹور سنگھ کی، جو سفارت کار کے بعد سیاستداں بن گئے تھے، ایک کتاب میں اندراگاندھی کاوہ خط شائع کیا گیا ہے۔ ،،آپ کا مخلص کے نٹور سنگھ،،کے عنوان سے شائع شدہ 206 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں اندرا گاندھی کے ان کو لکھے کئی خطوط شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دوسری کئی اہم شخصیتوں کے خطوط کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں لارڈ ماونٹ بیٹن، دلائی لاما، صدرنیریرے، وجے لکشمی پنڈت، راجیوگاندھی، ایم ایف حسین، آر کے ناراینن، نرگس دت، دیوآنند اور دوسرے شامل ہیں۔

آنجہانی اندرا گاندھی کے دو لڑکے راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی تھے لیکن ان کی کوئی بیٹی نہیں تھی اور انہیں لڑکی کی تمنا و آرزو تھی جس کا اظہار خط میں انہوں نے کیا۔

اندرا گاندھی نے نٹور سنگھ کو لڑکی کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا تھا کہ میرا دل ہمیشہ سے ایک دختر کا آرزومند رہا ہے۔ اس لئے میں سمجھ سکتی ہوں کہ لڑکی پیدا ہونے پر آپ کو کتنی خوشی ہورہی ہوگی،،۔

نٹور سنگھ کہ اہلیہ کا نام جگت بتایا گیا ہے. 1981 میں تحریر کردہ ایک خط میں اندرا گاندھی نے لکھا کہ وہ خشک مزاجی، منافقت اور نفرت کے دور دورہ پر افسردہ ہیں۔

نٹور سنگھ کی اس کتاب میں ایمرجنسی سے پہلے اور 80ء میں الیکشن میں دوبارہ کامیابی کے بعد تحریر کردہ خطوط بھی ہیں جن میں اندرا گاندھی نے ملک کی صورتحال پر تبصرہ کیا ہے۔ نٹور سنگھ کا شمار اندرا کے بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

XS
SM
MD
LG