نئی دہلی۔ بھارتی ریاستوں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بارش اور تودے گرنے سے کم از کم 81 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مختلف مقامات پر ملبوں سے لاشوں کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کا کام جاری ہے۔
ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب میں 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے جب کہ 900 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں اگلے کچھ دنوں تک تیز بارشوں کی پیشین گوئی کی ہے۔
صرف ہماچل پردیش میں جمعرات تک 71 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ریاست کے پرنسپل سکریٹری (ریونیو) اونکار چند شرما نے خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ ہماچل پردیش میں گزشتہ تین دنوں میں 71 افراد ہلاک ہوئے اور 13 افراد لاپتہ ہیں۔ اتوار کی رات سے اب تک 57 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
ریاست کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 24 جون کو مون سون آنے کے بعد سے اب تک ریاست میں 214 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 38 افراد لاپتہ ہیں۔
ریاست میں اتوار سے مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے شملہ سمیت متعدد اضلاع میں تودے گرنے اور مکانات گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ شملہ کے سمر ہل، فاگلی اور کرشنا نگر بری طرح متاثر ہیں۔
وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے مطابق آرمی، ایئر فورس، نیشنل ڈزاسٹر رسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیمیں لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالنے میں مصروف ہیں۔
ریاست اتراکھنڈ میں بھی گزشتہ کئی روز سے ہونے والی مسلسل طوفانی بارشوں نے معمول کی زندگی ٹھپ کر دی ہے۔ متعدد مکانات کے منہدم ہونے اور تودے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس کی وجہ سے بدری ناتھ، کیدار ناتھ اور گنگوتری مندر کی طرف جانے والا نیشنل ہائی وے کٹ گیا ہے۔
پوری کے ایس ایس پی دفتر کے مطابق اتراکھنڈ کے لکشمن جھولا سیاحتی مقام پر پیر کو بھاری بارشوں کی وجہ سے تودے گرنے اور زمین دھنسنے کے واقعات ہوئے۔
ملبوں سے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چار افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ دو لاشیں منگل کو اور دو بدھ کو نکالی گئیں۔
پوری کوٹ دوار اور دوگڈا نیشنل ہائی وے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اسٹیٹ ڈزاسٹر کنٹرول روم کے مطابق رشی کیش بدری ناتھ نیشنل ہائی وے کا ایک بڑا حصہ ٹوٹ کر بہہ گیا ہے۔
ادھر ریاست پنجاب میں بھاکھڑہ اور پونگ ڈیم سے زیادہ پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے ہوشیار پور، روپ نگر اور گورداسپور اضلاع کے متعدد مواضع غرقاب ہو گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کے مطابق حکومت صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
گورداسپور کی ضلع انتظامیہ نے سیلاب زدہ علاقوں میں سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں تا حکم ثانی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ جب کہ روپ نگر ضلع میں 17 اور 18 اگست کو اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا۔
فورم