رسائی کے لنکس

بھارت نے 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ منسوخ کر دیے


بتایا جاتا ہے کہ اس کالے دھن کی متوازی معیشت بھی کھربوں ڈالر کی ہے اور مبصرین اپنے انتخابی وعدے کو پورا نہ کرنے پر حکمران جماعت پر تنقید کرتے آرہے تھے۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے پانچ سو اور ایک ہزار روپے والے کرنسی نوٹ ختم کرنے کے اعلان کے بعد بدھ کو شہریوں کے لیے دن کا آغاز ایک مبہم صورتحال سے ہوا۔

منگل کی رات مودی نے ٹی وی پر قوم سے خطاب میں ان کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان کی حکومت کا بدعنوانی اور جعلی کرنسی سے نمٹنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح چھوٹی دکانوں، کھوکھوں اور اشیائے خورونوش بیچنے والوں کے ہاں گاہوں کا رش معمول سے کم تھا جب کہ بینکوں کی رقم نکالنے والی خود کار مشینیں (ایم ٹی ایم) بھی بند تھیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ "کالا دھن اور بدعنوانی غربت کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں" ان کے بقول پانچ سو کے نئے کرنسی نوٹوں کے علاوہ دو ہزار مالیت والے نوٹ جلد ہی جاری کیے جائیں گے۔

فی الوقت لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پانچ سو اور ایک ہزار والے نوٹ بینکوں اور ڈاکخانوں میں جمع کروا سکتے ہیں اور اس کے لیے انھیں دس نومبر سے تیس دسمبر کی مہلت دی گئی ہے۔

تاہم ایسے لوگ جن کے پاس کالا دھن ہے وہ اگر اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے تو انھیں اس رقم کے ذرائع اور اس پر ٹیکس کے بابت سوالات کا سامنا کرنا ہوگا۔

2014ء میں اقتدار میں آنے والی نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی نے یہ عزم کیا تھا کہ وہ ملک کے کھربوں ڈالر کے کالے دھن کو مرکزی دھارے میں لائے گی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس کالے دھن کی متوازی معیشت بھی کھربوں ڈالر کی ہے اور مبصرین اپنے انتخابی وعدے کو پورا نہ کرنے پر حکمران جماعت پر تنقید کرتے آرہے تھے۔

مودی کی طرف سے یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا جب ایک ماہ قبل ہی حکومت نے ایک ٹیکس استثنیٰ اسکیم کے تحت اپنے اثاثے ظاہر کرنے والوں سے دس ارب ڈالر کے محصولات جمع کیے تھے۔

واشنگٹن میں قائم ایک تھنک ٹینک "فنائنشل انٹیگریٹی" کے اندازوں کے مطابق 2002ء سے 2011ء کے درمیان بھارت سے غیر قانونی طور پر 344 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں دہشت گردی کرنے والے عناصر بھی پانچ سو روپے کا جعلی نوٹ استمال کر رہے ہیں۔

"دہشت گردی ایک خوفناک چیز ہے۔۔۔لیکن آپ نے کبھی سوچا کہ دہشت گرد پیسہ کہاں سے لیتے ہیں؟ سرحد پار سے ہمارے دشمن جعلی کرنسی استعمال کرتے ہوئے یہ آپریشنز چلا رہے ہیں۔ یہ برسوں سے ہوتا آ رہا ہے۔"

بھارت اپنے ہاں ہونے والی دہشت گردی کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے لیکن اسلام آباد اسے سختی سے مسترد کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG