بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے 69 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے بھارت سے غربت اور بدعنوانی کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
نئی دہلی کے لال قلعہ میں پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب میں انھوں نے خاص طور پر کسانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ساٹھ سالوں میں حکومتوں نے کسانوں کی فلاح و بہبود پر بہت ہی کم توجہ دی لیکن کسانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ ایک ہزار دن کے اندر اندر ہر گھر میں بجلی فراہم کریں۔
نریندر مودی نے گزشتہ سال مئی میں بھارت کی وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا تھا جس کے بعد وہ کئی منصبوں اور مہمات کا اعلان کر چکے ہیں جن میں "میک ان انڈیا" کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
انھوں نے اپنی تقریر میں پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی مختلف پروگراموں کا اعلان کرنے کے علاوہ ملک میں بھائی چارے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
بھارت 1947ء میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کر کے ایک آزاد ریاست بنا تھا۔