کوکا کولا کمپنی نے کہا ہے کہ وہ 2020ء تک بھارت میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ رقم اس سے پہلے بنائے گئے منصوبوں سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
منگل کے روز کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدے دار مہتر کنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ اس عشرے کے آخر تک تین ارب ڈالر کی اضافی رقم بھارت میں اپنی مصنوعات کی فروخت کو دگنا کرنے پر صرف کی جائے گی۔
کوکا کولا کمپنی نے حالیہ عرصے میں چین اور بھارت کی ابھرتی ہوئی منڈیوں سے کیثر منافع حاصل کیا ہے۔
یہ کمپنی الکو حل سے پاک مقبول مشروبات بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ اس کی منصوعات میں کوک، سپرائٹ اور منٹ میڈ شامل ہیں۔
1993ء میں بھارتی مارکیٹ میں دوبارہ رسائی حاصل کرنے کے بعد یہ امریکی کمپنی وہاں تقریباً دوارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکی ہے۔
بھارتی حکومت کئی برسوں سے مقامی چھوٹے تاجروں پر کاشت کاروں کو بڑی بین الاقوامی پرچون کمپنیوں کے منفی اثرات سے محفوظ بنانے کے لیے ضابطے بناتی رہی ہے۔
لیکن پچھلے سال نئی دہلی نے غیر ملکی پرچون کمپنیوں کے دروازے 45 کھرب ڈالر کی اپنی مارکیٹ پر کھول دیے تھے۔اور انہیں یہ اجازت دے دی تھی کہ وہ یہاں اپنی سپر مارکیٹوں میں 51 فی صد حصص رکھ سکتی ہیں۔