رسائی کے لنکس

بھارت :انا ہزارے کا دوبارہ بھوک ہڑتال کا اعلان


بھارت :انا ہزارے کا دوبارہ بھوک ہڑتال کا اعلان
بھارت :انا ہزارے کا دوبارہ بھوک ہڑتال کا اعلان

بھارت کے معروف بزرگ سماجی کارکن انا ہزارے نے انسدادِ بدعنوانی کے اس مجوزہ قانون کے خلاف تین روزہ بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر ان دنوں بھارتی پارلیمان میں بحث جاری ہے۔

مجوزہ قانون کے تحت نو اراکین پر مشتمل ایک بااختیار محتسب ادارہ قائم کیا جائے گا جو سیاست دانوں اور سرکاری ملازمین کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کرے گا۔

تاہم انا ہزارے کا اصرار ہے کہ مجوزہ قانون غیر موثر ثابت ہوگا کیوں کہ ملک کے اہم ترین تحقیقاتی ادارے 'سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن' کو مجوزہ محتسب ادارے کے دائرہ اختیار سے باہر رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 83 سالہ ہندو قوم پرست انا ہزارے اس سے قبل اگست میں بھی مجوزہ قانون کے حق میں 12 روزہ بھوک ہڑتال کرچکے ہیں جسے بعد ازاں انہوں نے حکومتی اہلکاروں کی جانب سے مطالبات تسلیم کیے جانے کی یقین دہانیوں پر ختم کردیا تھا۔

اب انا ہزارے نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل سے ممبئی میں بھوک ہڑتال کریں گے تاکہ پارلیمان کو مجوزہ قانون کو مزید سخت بنانے پہ مجبور کیا جاسکے۔

ہزارے بھارت میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی کا ذمہ دار کانگریس کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت کو قرار دیتے ہیں۔ بزرگ سماجی کارکن کا موقف ہے کہ وہ بھارت میں اس پیغام کو عام کرنا چاہتے ہیں کہ بھارتی عوام بدعنوانی سے تنگ آچکی ہے اور اب مزید اسے برداشت نہیں کرے گی۔

بھارت میں اپنے مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال کرنے کی روایت خاصی عام ہے اور ملک کی جدوجہدِ آزادی کے رہنما مہاتما گاندھی نے بھی انگریزوں کے نو آبادیاتی دور میں اپنے مطالبات تسلیم کرانے کے لیے اس کا سہار الیا تھا۔

XS
SM
MD
LG