رسائی کے لنکس

بھارت: اسپتال میں آتشزدگی سے 23 افراد ہلاک


پانچ سال قبل کلکتہ کے اسپتال میں آتشزدگی سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پانچ سال قبل کلکتہ کے اسپتال میں آتشزدگی سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

زیادہ تر اموات ان مریضوں کی ہوئیں جو اسپتال کی پہلی منزل پر قائم انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں تشویشناک حالت میں زیر علاج تھے۔

بھارت کی مشرقی ریاست اوڈیسہ کے ایک اسپتال میں آتشزدگی سے کم ازکم 23 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

وزیر صحت جے پی نندا نے بھوبنیشور شہر میں آتشزدگی سے متاثر ہونے والے سَم اسپتال کے دورے کے دوران "ٹائمز ناؤ" کے ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

یہ واقعہ پیر کو دیر گئے پیش آیا جس میں زیادہ تر اموات ان مریضوں کی ہوئیں جو اسپتال کی پہلی منزل پر قائم انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں تشویشناک حالت میں زیر علاج تھے۔

دو مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے بھارتی خبر رساں ایجنسی "پریس ٹرسٹ آف انڈیا" کو بتایا کہ ان کے ہاں 22 مریضوں کو مردہ حالت میں لایا گیا جب کہ 20 کو آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کے باعث زخم آئے تھے جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق اس کے اہلکاروں نے آگ بجھانے والے عملے اور رضاکاروں کے ساتھ مل کر اسپتال سے تقریباً پانچ سو سے زائد مریضوں کو نکالا۔

فائر بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پیر کو ہی دیر گئے اس آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ تاحال اس واقعے کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا ہے لیکن خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ بجلی کے نظام میں خرابی (شارٹ سرکٹ) کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اس واقعے میں متاثر ہونے والوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسے "دماغ سُن" کر دینے والا واقعہ قرار دیا۔

بھارت میں ایسے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں جس کی عمومی وجہ حفاظتی انتظامات پر توجہ نہ دیا جانا بتایا جاتا ہے۔

2011ء میں کلکتہ کے ایک اسپتال میں آتشزدگی سے 89 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG