رسائی کے لنکس

بھارت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک: اقوام متحدہ


Ikea
Ikea

اپریل اور مئی کے دوران بھارت میں براہ راست سرمایہ کاری میں 40 فی صد کے لگ بھگ کمی ہوئی ہے

حالیہ مہینوں میں بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی شرح میں کمی ہوئی ہے لیکن اقوام متحدہ کے ایک حالیہ جائزے میں کہا گیاہے کہ دنیا کی تیسری سب سے بڑی ایشیائی معیشت اپنے اندر سرمایہ کاری کی عالمی کمپنیوں کے لیے بدستور کشش رکھتی ہے۔

سرکاری اعدادو شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اپریل اور مئی کے دوران بھارت میں براہ راست سرمایہ کاری میں 40 فی صد کے لگ بھگ کمی ہوئی اور گذشتہ سال اسی عرصے کے دوران پانچ ارب ڈالر کے مقابلے میں یہ سطح تین ارب 20 کروڑ ڈالر تک محدود رہی۔

اقتصادی ماہرین کا کہناہے کہ عالمی اور مقامی معاشی سست روی اس کی واحد وجہ ہے۔
نئی دہلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار پبلک فنانس اینڈ پالیسی کے ایک عہدے دار این آر بھانومورتھی کہتے ہیں کہ سست اصلاحاتی عمل اور حالیہ مہینوں میں سامنے لائی جانے والی پالیسیوں نے کئی غیر ملکی سرمایہ کو رد و بدل کردیا ہے۔


فرنیچر بنانے والی ایک معروف کمپنی’ آئی کیا '
فرنیچر بنانے والی ایک معروف کمپنی’ آئی کیا '

انہوں نے کہا کہ حکومت پرچون، ہوابازی اور انشورنس کے شعبوں کو آزاد بنانے کے عمل کو آگے بڑھانے کے کئی بار وعدے تو کرچکی ہےلیکن ایسا کرنے میں عملاً ناکام رہی ہے۔
ان کا کہناہے کہ آپ کا یہ کرنے کا ارادہ ہے لیکن آپ ایسا کرنے کے قابل نہیں ہیں اور آپ ایک قدم آگے بڑھاتے ہیں اور پھر دو قدم پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے پیدا ہونے والا انتشار اور کنفیوژن غیر ملکی سرمایہ کاری کو مجموعی طور پر متاثر کررہاہے۔

متنازع ٹیکس تجاویز بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہیں جس کے نتیجے میں انہیں اربوں ڈالر ٹیکس ادا کرنے پڑسکتے ہیں جن کی انہیں توقع نہیں تھی۔
لیکن تجارت اور ترقی سے متعلق اقوام متحدہ کانفرنس کی ایک تازہ رپورٹ بھارتی پالیسی سازوں کے لیے خوش آئند ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین اور امریکہ کے بعد بھارت عالمی کارپوریشنوں کے لیے تیسری سب سے بڑی پرکشش منزل ہے۔

بھارت کے بدستور سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہونے کے شواہد حال ہی میں اس وقت منظرعام پر آئے جب دو بڑی غیر ملکی کمپنیوں نے یہ اعلان کیا کہ وہ اس ملک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے والے ہیں۔

فرنیچر بنانے والی ایک معروف کمپنی’ آئی کیا ‘ نے پچھلے مہینے کہاتھا تھا کہ وہ بھارت میں اپنے 25 اسٹور کھولنے پر دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور اسی طرح بھارت میں پہلے سے موجود کوکاکولا کمپنی بھی آنے والے برسوں میں تین ارب ڈالر سرمایہ لگانے کا عندیہ دے چکی ہے۔

اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگلے دوبرسوں کے دوران بھارت میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 20 سے 25 فی صدکے لگ بھگ بڑھ سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ اس کے لیے بھارت کو ان غیرملکی سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرنے ہوں گے جوملک میں مستحکم پالیسیاں اور مزید اصلاحات کے خواہش مند ہیں۔
XS
SM
MD
LG