رسائی کے لنکس

اسپائس 2000 بموں کی پہلی کھیپ اسرائیل سے بھارت پہنچ گئی


لڑاکا جیٹ فوجی طیارہ میراج 2000 اڑان بھر رہا ہے۔
لڑاکا جیٹ فوجی طیارہ میراج 2000 اڑان بھر رہا ہے۔

بھارت کی ایئر فورس کو حال ہی میں اسرائیل سے 'اسپائس 2000' قسم کے بم ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ جس کی پہلی کھیپ گوالیار کے ایئر بیس پر پہنچ گئی ہے۔

بھارتی ایئر فورس نے یہ بم رواں سال فروری میں پاکستان کے علاقے بالاکوٹ پر فضائی حملوں میں استعمال کیے تھے۔ ان بموں کو عمارتیں تباہ کرنے والے بم بھی کہا جاتا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'ٹائمز آف انڈیا' نے بھارتی ایئر فورس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل کی ایک کمپنی نے بھارت کو 'اسپائس 2000' بم بھیجنے شروع کر دیے ہیں جن کی پہلی کھیپ حال ہی میں گوالیار پہنچی ہے۔

گوالیار بھارتی ایئر فورس کے میراج طیاروں کا مرکز ہے اور بھارت نے اپنے میراج فائٹر طیارے اس ایئر بیس پر رکھے ہوئے ہیں۔

اسپائس 2000 بموں کو گوالیار اس لیے بھیجا گیا ہے کیونکہ صرف میراج طیارے ہی ان اسرائیلی بموں کو اہداف پر داغنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بھارتی ایئر فورس نے اسرائیل کے ساتھ 250 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مارک 84 قسم کے بموں کی خریداری کا بھی معاہدہ کیا تھا جو عمارتوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رواں سال جون میں بھارتی ایئر فورس نے بم تیار کرنے والی کمپنی کے ساتھ ایک اور معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں ایک سو سے زائد بم ہنگامی حالات کے پیش نظر فوری فراہم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

بھارتی ایئر فورس نے بموں کی جلد فراہمی کا نیا معاہدہ پاکستان کے قصبے بالاکوٹ کے قریب مبینہ طور پر جیش محمد کے خلاف ان بموں کے استعمال کے بعد کیا۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بالاکوٹ فضائی حملوں میں بھارتی ایئر فورس نے میراج 2000 طیاروں سے 'اسپائس 2000' بم گرائے۔ یہ بم گرانے کے لیے 12 میراج لڑاکا طیارے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG