بھارتی حکومت نےعازمینِ حج کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے جِن میں 70سال کی عمر سے اوپر کے عازمین ِ حج کو اپنے ساتھ ایک معاون لے جانے اور پاسپورٹ کی منظوری میں آسانی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
اِس کے علاوہ جِن لوگوں نے تین سال تک مسلسل درخواستیں دی ہوں اور وہ منظور نہ ہوئی ہوں، اُن کو قرعہ اندازی سے الگ رکھا جائے گا اور اُن کی درخواستیں ازخود منظور ہو جائیں گی۔ اِس کا اطلاق اِسی سال سے ہوگا۔
نئی دہلی میں منعقدہ سالانہ حج اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ حکومت حج انتظامات میں بہتری کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 70سال کی عمر سے اوپر تمام عازمین کو ایک ساتھی سمیت کنفرم سیٹ دی جائے گی۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ اُنھیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حج کمیٹی کے ذریعے منتخب تمام عازمین کو پولیس کی تصدیق کے بغیر آٹھ ماہ کے لیے پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔تمام علاقائی پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اِس سلسلے میں خصوصی پاسپورٹ عدالتیں لگائیں۔
وزیرِ خارجہ نے سعودی عرب کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارتی حجاج کے کوٹے میں اضافہ کرے۔
اُنھوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ دوطرفہ حج معاہدے کے لیے اِس سال مارچ میں جب اُنھوں نے جدہ کا دورہ کیا تھا تو سعودی عرب کے وزیر برائے امورِ حج سے ذاتی طور پر کوٹے میں خاطرخواہ اضافے کی درخواست کی تھی۔