رسائی کے لنکس

پاک بھارت کرکٹ سیریز: ویزا کی شرائط


انڈیا پاکستان کرکٹ (فائل)
انڈیا پاکستان کرکٹ (فائل)

واپسی کا ٹکٹ منسلک کرنے پر پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزا جاری کیا جا سکتا ہے: بھارتی وزارت داخلہ کا اعلان

بھارت پاکستان کے اُن کرکٹ شائقین کو جو 25دسمبر سے شروع ہونے والی بھارت پاک کرکٹ سیریز دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں کئی شہروں کے لیے ویزا جاری کرسکتا ہے، بشرطیکہ وہ کرکٹ میچوں کے ٹکٹ کے ساتھ واپسی کا ٹکٹ بھی اپنی درخواست کے ساتھ فراہم کریں۔

میڈیا رپورٹوں میں حکومت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزارتِ داخلہ نے کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی شائقین کے بھارت میں داخل ہونے سے متعلق قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔

اِس کے علاوہ، وزارتِ داخلہ نے کرکٹ کے ہر پاکستانی شیدائی کے لیے یہ بھی ضروری قرار دے دیا ہے کہ ویزا کے حصول کے لیے بھارت میں ایک مقامی اسپانسر بھی ہو۔

بھارتی وزارتِ داخلہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کےخصوصی مہمانوں کی فہرست بھی پیشگی طور پر دیکھنا چاہتی ہے جنھیں ویزا جاری کیا جائے گا۔ یہ سیریز 25دسمبر سے شروع ہوگی اور آئندہ سال چھ جنوری تک چلے گی اور اِس میں تین ایک روزہ میچ اور دو ٹوینٹی-ٹوئینٹی کھیلے جائیں گے۔

ایک روزہ میچ چنئی، کلکتہ اور نئی دہلی میں ہوں گے اور ٹوینٹی –ٹوینٹی بنلگلور اور احمد آباد میں ہوں گے۔جو پاکستانی شائقین بھارت آنا چاہتے ہیں، اُنھیں اِن تمام مقابلوں کے ٹکٹ دکھانے ہوں گے۔

وزارتِ داخلہ نے تامل ناڈو، مغربی بنگال، کرناٹک، گجرات اور نئی دہلی کی ریاستی حکومتوں اور پولیس سےتبادلہٴ خیال کیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ احتیاطی قدم اِس لیے اٹھایا جارہا ہے کہ 2007ء کی کرکٹ سیریز کے بعد انٹیلی جنس رپورٹوں کے مطابق کم از کم 12پاکستانی شہری اپنے ملک واپس نہیں گئے۔
XS
SM
MD
LG