رسائی کے لنکس

نِریندر مودی کی تعریف کرنے پر دیوبند کا متنازعہ مہتمم برطرف


نِریندر مودی کی تعریف کرنے پر دیوبند کا متنازعہ مہتمم برطرف
نِریندر مودی کی تعریف کرنے پر دیوبند کا متنازعہ مہتمم برطرف

گجرات کے وزیرِ اعلیٰ نِریندر مودی کی تعریف کرنے کی پاداش میں دارالعلوم دیوبند کے متنازعہ مہتمم مولانا غلام محمد وستانوی کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

اِس بات کا اعلان ادارے کی 13رکنی مجلسِ شوریٰ نے اپنے دو روزہ اجلاس میں تفصیلی تبادلہٴ خیال کے بعد کیا۔بتایا جاتا ہے کہ مولانا وستانوی کے حق میں چار جب کہ مخالفت میں نو ارکان نے ووٹ دیا۔فیصلے پر اپنے ردِ عمل میں وستانوی نےالزام لگایا کہ اُن کے خلاف’ سازش کی گئی ہے‘۔ اُن کے بقول، بعض طاقتور لوگ نہیں چاہتے تھے کہ وہ اپنے عہدے پر فائز رہیں، اور اُن لوگوں نے اِس معاملے کو سیاسی رنگ دیا ہے۔

مولانا غلام محمد وستانوی کودارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مرغوب الرحمٰن کے انتقال کے بعداِسی سال 10جنوری کو مہتمم مقرر کیا گیا تھا۔

اُنھوں نے 18جنوری کو ایک قومی انگریزی روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے گجرات کے وزیرِ اعلیٰ نریندر مودی کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ مسلمانوں کو 2002ء کے فسادات فراموش کرکے آگے بڑھنا چاہیئے۔اُنھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نِریندر مودی کی سرپرستی میں گجرات میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں اور اُن میں مسلمانوں کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا۔

واضح رہے کہ مولانا وستانوی گجرات کے باشندے ہیں اور اُن کے اِس بیان پر زبردست تنازعہ اُٹھ کھڑا ہوا اور اُنھیں ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ اگلےہی روز اُنھوں نے ایک بیان میں نِریندر مودی کو فسادات سے بری الذمہ قرار دینے کی تردید کی اور کہا کہ، ’ گجرات کے فسادات انسانیت کی پیشانی پر داغ ہیں‘۔ لیکن، اُن کے مخالفین کا کہنا ہے کہ جو شخص نِریندر مودی کی تعریف کرتا ہو اُسے اِس اسلامی درسگاہ کا سربراہ بننے کو کوئی حق نہیں ہے۔

اِس معاملے پر طلبا میں علاقائی بنیاد پر پھوٹ پڑ گئی ہے اور مولانا ارشد مدنی اوربھارتی رکنِ پارلیمنٹ مولانا محمود مدنی کی سربراہی والے جعیت علمائے ہند کے دونوں گروپ بھی اِس تنازعے میں کود پڑے ہیں۔

دیوبند کی مجلسِ شوریٰ نےاِس تنازعے کو ختم کرنے کے لیے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ شوریٰ کے اجلاس میں اِس کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی جسے مولانا وستانوی نے ’یکطرفہ‘ قرار دیا ہے۔مولانا وستانوی ’ایم بی اے‘ ہیں اور اُنھیں اعتدال پسند مسلمان سمجھا جاتا ہے۔

اُدھر، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا وستانوی کو’ سچ بولنے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے‘۔

XS
SM
MD
LG