رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: بھارتی ٹیم بھی سپر فور مرحلے میں پہنچ گئی، شائقین کو مزید دو فیصلہ کن میچز کا انتظار


بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس سے قبل افغانستان سپر فور مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم تھی۔

متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں جہاں گروپ 'اے' سے بھارت اور گروپ 'بی' سے افغانستان نے اگلے مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

دونوں گروپس میں تین تین ٹیمیں شامل ہیں اور دو دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی۔ یعنی دونوں گروپس میں سے دو ٹیموں کو ایونٹ سے باہر ہونا ہو گا۔

افغانستان کی جیت کے ساتھ ہی گروپ 'بی' میں موجود سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات کو کھیلا جانے والا میچ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم وطن واپس لوٹے گی۔

اسی طرح گروپ 'اے' میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان جمعے کو میچ ہو گا اور جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے میں جگہ بنا لے گی۔

اس گروپ میں موجود بھارتی ٹیم پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ بلیو شرٹس نے بدھ کو ہانگ کانگ کے خلاف بھی میچ 40 رنز سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔

اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہانگ کانگ کے خلاف جمعے کو پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم کن کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ تاہم پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کہتے ہیں کہ بابر الیون کو چاہیے کہ وہ ہانگ کانگ کو آسان حریف کے طور پر نہ لے۔

انضمام نے مقامی ٹی وی چینل 'جیو نیوز 'کے پروگرام جشنِ کرکٹ میں بدھ کو بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ میں کسی بھی ٹیم کو آسان حریف کے طور پر نہیں لیا جا سکتا اس لیے پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ ہانگ کانگ کے خلاف اپنی تیاری مکمل رکھیں۔

انہوں نے تجویز دی تھی کہ ہانگ کانگ کے خلاف حیدر علی کو موقع دینا چاہیے جس کے لیے خوش دل شاہ اور آصف علی کا رسک لیا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG