رسائی کے لنکس

بھارت روس سے 250 سے زیادہ جدید ترین لڑاکا طیارے خریدے گا


بھارت اگلے دس سال کے دوران روس سے 250 سے 300 تک جدید لڑاکا جیٹ طیارے خریدے گا۔ تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان سب سے بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔

ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے والےپانچویں نسل کے یہ جدید لڑاکا طیارے دونوں ملک مشترکہ طورپر تیار کریں گے۔

بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے طیاروں کی خریدکے معاہدے کا اعلان بدھ کے روز روس کے وزیر دفاع کے نئی دہلی کےدورے کے دوران کیا۔

انتھونی نے کہا کہ روس، بھارت کو 45 کثیرالمقاصد ٹرانسپورٹ طیارے بھی فراہم کرے گا۔

ان کا کہناتھا کہ اگلےدس برسوں کے لیے یہ دو پراجیکٹس بھارت اور روس کے درمیان دفاعی تعاون کی روشن مثالیں ہوں گی۔

توقع ہے کہ لڑاکا طیاروں کے معاہدے پر دستخط دسمبر میں روس کے صدر دیمتری میدویدیف کے بھارت کے دورے کے موقع پر ہوں گے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کی مالیت 25 سے 30 ارب ڈالر کی ہوسکتی ہے، جو اب تک دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والا سب سے بڑا معاہدہ ہوگا۔

بھارتی فوجی عہدے داروں کا کہناہے کہ نئے طیاروں میں پرواز اور ہتھیاروں کے کنٹرول کے جدید نظام نصب ہوں گے۔ اور وہ زیادہ تباہ کن اور ریڈار کی نظروں سےپوشیدہ رہنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔

توقع ہے یہ لڑاکا جیٹ طیارے بھارتی ایئر فورس کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔ بھارتی ایئر فورس کے سربراہ پی وی نائیک یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کے زیر کمان نصف ہتھیار اور آلات پرانے اور ناکارہ ہوچکے ہیں اور انہیں فوری تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

نئی دہلی کے ایک دفاعی جریدے جین کے راہول بیدی کہتے ہیں کہ پانچویں نسل کے لڑاکا جیٹ طیاروں کا شمار دنیا کے انتہائی جدید طیاروں میں ہوگا۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ بہت اہم معاہدہ ہے کیونکہ بھارت اپنی لڑاکا صلاحیت بڑھانا چاہتا ہے۔ یہ ایئر فورس میں بڑے پیمانے پر انتہائی جدید طیاروں کی شمولیت ہے اور اس سےبھارتی ایئر فورس کی علاقائی قوت کی حیثیت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

پاکستان اور چین کی جانب سے فضائی خطرے کے مقابلے کے لیے اپنی فضائی فوجی قوت میں اضافے کی کوشش میں بھارت گذشتہ ایک عشرے کے دوران اپنے بجٹ میں تین گنا اضافہ کرچکاہے اور اب اس کا شمار دفاع پر دنیا میں سب سے زیادہ خرچ کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان لاگت میں اضافے اور فراہمی میں تاخیر پر تناؤ کے باوجود روس روایتی طورپر بھارت کو فوجی سازو سامان فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ بھارت کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے والے دوسرے ممالک میں فرانس، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG