رسائی کے لنکس

ملازمت کی کڑی شرائط، بھارتی وزیرِ خارجہ ریاض روانہ


سلمان خورشید
سلمان خورشید

سرکاری ذرائع کے مطابق، ایجنڈے پر سعودی حکومت کی وزارتِٕ محنت کا نیا قانون سرِ فہرست ہے، جِس کی وجہ سے بڑی تعداد میں سعودی عرب میں برسرِکار کارکنوں کی ملازمتوں پر خطرے کی تلوار لٹک رہی ہے

بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید جمعےکے روز سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوئے۔ وہ اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل کی دعوت پر گئے ہیں اور اپنے ساتھ سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ بن عبد العزیز کے نام وزیر اعظم من موہن سنگھ کا ایک ذاتی خط بھی لے کر گئے ہیں۔

وہ شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ روزگار سےمتعلق نئے قانون، توانائی، سلامتی، بین الاقوامی دہشت گردی اور دیگر باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر وسیع تر تبادلہٴ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، وہ شاہ عبد اللہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ گذشتہ پانچ برسوں میں کسی بھارتی وزیر خارجہ کا یہ سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل، 2008ء میں اُس وقت کے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی نے ریاض کا دورہ کیا تھا۔

سلمان خورشید کے ایجنڈے پر سعودی حکومت کی وزارتِٕ محنت کا نیا قانون سرِ فہرست ہے۔ اِس قانون کی وجہ سے بڑی تعداد میں سعودی عرب میں برسرِ کار بھارتی ورکرز کی ملازمتوں پر خطرے کی تلوار لٹک رہی ہے۔ اس قانون کے تحت، مقامی کمپنیوں کے لیے لازم کردیا گیا ہے کہ وہ 10بیرونی کارکنوں پر ایک سعودی کارکن رکھیں تاکہ بے روزگاری پر قابو پایا جاسکے۔

اس وقت سعودی عرب میں 20لاکھ بھارتی کام کررہے ہیں اور اندیشہ ہے کہ اس قانون سے بڑی تعداد میں بھارتی کارکن بے روزگار ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، اُن کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

سعودی عرب میں واقع بھارتی سفارت خانے میں 60000بھارتی باشندوں نے ایمرجنسی سفری دستاویزات کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں۔ اُن کو خوف ہے کہ نئے قانون کی وجہ سے وہ ملازمتوں سے برطرف کردیے جائیں گے۔

بھارتی سفارت خانہ مزید 27000ایمرجنسی سرٹیفیکیٹ جاری کر رہا ہے، تاکہ واپس آنے والوں کو کوئی دشواری نہ ہو۔

سفارت خانے کے ایک بیان کے مطابق، ریاض کے دفتر میں 24000اور مشرقی صوبے کے دفتر میں 37000درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

پہلے بیچ میں سعودی عرب میں واقع کولیکشن مراکز پر 15000درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ اِن درخواستوں پر جلد از جلد کارروائی کرنے کے لیے بھارت سے 10افسران سعودی سفارت خانے میں بھیجے گئے ہیں۔

درخواست دہندگان وہ لوگ ہیں جن کے پاس جائز رہائشی اور سفری دستاویزات نہیں ہیں۔
XS
SM
MD
LG