رسائی کے لنکس

علاج کے بعد سونیا گاندھی کی امریکہ سے وطن واپسی


سونیا گاندھی
سونیا گاندھی

بھارت کی حکمران جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نامعلوم بیماری کے علاج کے بعد امریکہ سے وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔

کانگریس کے ایک ترجمان کے مطابق 64 سالہ پارٹی سربراہ ایک ماہ سے زائد عرصہ امریکہ میں گزارنے کے بعد جمعرات کو بھارت پہنچی ہیں اور مکمل طور پر "ٹھیک" ہیں۔

کانگریس رہنماؤں نے 4 اگست کو اعلان کیا تھا مس گاندھی کی امریکہ میں کامیاب سرجری ہوئی ہے تاہم انہوں نے ان کی بیماری اور صحت کے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا تھا۔

اپنی غیر موجودگی میں سونیا گاندھی نے پارٹی کے معاملات کی نگرانی کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں ان کے صاحبزادے راہول گاندھی بھی شامل تھے جنہیں بھارت کا مستقبل کا وزیرِاعظم قرار دیا جاتا ہے۔

اٹلی میں پیدا ہونے والی سونیا گاندھی بھارت کے اس بااثر سیاسی خاندان کی موجودہ سربراہ ہیں جو برطانیہ سے آزادی کے بعد سے بیشتر عرصہ بھارت پر حکمران رہا ہے۔

سونیا بھارت کے مقتول وزیرِاعظم راجیو گاندھی کی بیوہ ہیں جبکہ ان کی ساس اندرا گاندھی بھی بھارت کی وزیرِاعظم رہی ہیں جنہیں ان کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران 1984ء میں قتل کردیا گیا تھا۔ اندرا گاندھی کے والد جواہر لعل نہرو بھارت کے پہلے وزیرِ اعظم تھے۔

واضح رہے کہ نہروگاندھی خاندان کی تحریکِ آزادی کے بھارتی رہنما مہاتما گاندھی سے کو ئی رشتہ داری نہیں۔

XS
SM
MD
LG