رسائی کے لنکس

ایس ایم کرشنا جولائی میں پاکستان کا دورہ کریں گے


نومبر 2008ء میں ممبئی پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد بھارت و پاکستان کے مابین جامع مذاکرات کا سلسلہ منقطع ہوگیا تھا لیکن گذشتہ سال یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوا

بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا 17یا18جولائی کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے اور اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کے ساتھ تمام دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ دوبارہ شروع ہونے والے جامع مذاکرات کی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

ایس ایم کرشنا اور حنا ربانی کھر کی اِس ملاقات سے قبل، بھارت اور پاکستان کے مابین 29جون کو نئی دہلی میں سکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ہوں گے جس کےدوران وزرائے خارجہ مذاکرات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

دریں اثنا، دونوں ملکوں کے سکریٹری دفاع کے مابین اسلام آباد میں مذاکرات ہو رہے ہیں جن میں سیاچن کے مسئلے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے تمام معاملات پر بات چیت ہوگی۔

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے دونوں ملکوں کے مابین موجودہ صورتِ حال کو اطمینان بخش قرار دیا ہے کہ دونوں ملک اس موقع سے فائدہ اُٹھائیں اور مذاکرات کے عمل کو جاری رکھیں۔

نومبر 2008ء میں ممبئی پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین جامع مذاکرات کا سلسلہ منقطع ہوگیا تھا۔

گذشتہ سال یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہےا ور دونوں ملک جامع مذاکرات کے تحت دہشت گردی، کشمیر اور تجارت سمیت متعدد امور پر کئی سطحوں پر بات چیت کر چکے ہیں۔

سیاچن اور سر کریک کے مسئلے پر سکریٹری دفاع اور سکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات میں تبادلہ خیال ہونے والا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG