رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: فورسز کی کارروائی، تین 'عسکریت پسند' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق فورسز نے اتوار کو دیر گئے اوورا نامی گاؤں کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کو ہتھیار پھینکنے کا کہا لیکن اس دوران مشتبہ عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بتایا ہے۔

بھارتی فوج نے پیر کو بتایا کہ فورسز کو خفیہ اطلاع ملتی تھی کہ سیاحتی مقام پہلگام کے ایک گاؤں کے گھر میں مشتبہ عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق فورسز نے اتوار کو دیر گئے اوورا نامی گاؤں کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کو ہتھیار پھینکنے کا کہا لیکن اس دوران مشتبہ عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

اس پر سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ شروع کی اور یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں تین مشتبہ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ "آپریشن" مکمل کر لیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کے ایک افسر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی "اے ایف پی" کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے کارروائی کے دوران گولہ باری کی گئی جس سے وہ مکان تباہ ہو گیا جس میں مشتبہ عسکریت پسند چھپے ہوئے تھے۔

ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

بھارتی کشمیر میں علیحدگی پسندوں کے گروپ دہائیوں سے سرگرم ہیں جو اس خطے سے بھارتی فوجوں کے انخلا اور خودمختاری کے مطالبے کے ساتھ مسلح تحریک چلائے ہوئے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں یہاں ایک علیحدگی پسند نوجوان کمانڈر برہان وانی کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے حالات انتہائی کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG