بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک پولیس اسٹیشن پر مسلح افراد کے حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق جمعہ کو جموں کے ضلع کاتھوا میں واقع ایک پولیس اسٹیشن پر کم ازکم تین مشتبہ شدت پسندوں نے حملہ کیا۔
اس حملے کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز کو طلب کر لیا گیا جس کے بعد شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چھ سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ چھ سکیورٹی اہلکار اب بھی پولیس اسٹیشن کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور جموں اور خطے کے دیگر علاقوں کو ملانے والی قریبی شاہراہ پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق فوج کی وردی میں ملبوس شدت پسندوں نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے سے قبل اس کے مرکزی دروازے پر مامور محافظ کو ہلاک کر دیا۔