بھارت میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہندو تہوار کے موقع پر دریا اشنان (غسل) کے لیے جمع ہونے والے زائرین میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بھگڈر کا واقعہ منگل کو جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں اس وقت پیش آیا جب ہزاروں افراد دریائے گوداوری کے کنارے کی جانب اشنان کے لیے دوڑے۔ بھگدڑ میں دو درجن کے قریب لوگ زخمی بھی ہو گئے ہیں۔
وزیرِاعظم نریندر مودی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ انہیں اس واقعے سے ’’گہرا دکھ‘‘ پہنچا ہے۔ آندھرا پردیش کے وزیرِاعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کو دس لاکھ بھارتی روپے معاوضہ ادا کرے گی۔
منگل کو مہا پشکارالو تہوار کا آغاز ہوا جس میں اگلے 12 روز کے دوران لاکھوں افراد کی دعا اور اشنان کے لیے دریائے گوداوری پر آمد متوقع ہے۔
بھارت میں مذہبی تہواروں کے موقع پر بھگدڑ ایک عام بات ہے۔ ایسے تہواروں میں لاکھوں افراد چھوٹے سے علاقے میں جمع ہو جاتے ہیں، جنہیں قابو کرنا سکیورٹی فورسز کے لیے بھی مشکل ہوتا ہے۔