رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: کلب میں آتشزدگی سے 17 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے بقول ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والے دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے موت کا شکار ہوئے اور کوئی بھی ہلاکت آگ سے جھلس کر نہیں ہوئی۔

انڈونیشیا کے ایک بار میں آتشزدگی سے کم ازکم 17 افراد ہلاک اور 71 زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جزیرہ سولاویسی کے علاقے ماناڈو میں پیش آیا جہاں عینی شاہدین نے حکام کو بتایا کہ یہ آگ اتوار کو رات ایک بجے کے قریب لگی۔

کیراؤکے کلب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو اختتام ہفتہ یہاں تفریحی سرگرمیوں میں مصروف تھے کہ اچانک اس تین منزلہ کلب کی دوسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق مقامی پولیس سربراہ ریو پرمانا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں خواتین بھی شامل ہیں۔

ان کے بقول ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والے دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے موت کا شکار ہوئے اور کوئی بھی ہلاکت آگ سے جھلس کر نہیں ہوئی۔

"افراتفری میں بہت سے لوگوں نے عمارت کی کھڑکیاں توڑ کر باہر چھلانگ لگا دی جب کہ بعض دھوئیں سے بھری عمارت میں پھنس کر رہ گئے۔"

انھوں نے بتایا کہ مرنے والے تمام افراد انڈونیشیا کے باشندے تھے۔

تاحال آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جب کہ آگ بجھانے والے عملے نے کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد اس پر قابو پایا۔

XS
SM
MD
LG