انڈونیشیا کے حکام نے جمعہ کو ایک آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے باعث پانچ ہوائی اڈے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ہوائی اڈوں میں بالی اور لومبوک کے مقبول ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔
ائیر پورٹ چلانے والے ادارے انگکاسا پورا ون کے ترجمان فرید اندرا نوگراہا نے کہا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ اس سے کتنے مسافر متاثر ہوں گے۔
انڈونیشیا کی قومی ائیر لائن ’گاروڈا انڈونیشیا‘ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ اس نے چار ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ائیر لائن کے ترجمان احسان روشن نے کہا کہ ’’بالی ہمارا دوسرے بڑا مرکز ہے اور اس سے ہماری بین الاقوامی کنکٹنگ پروازیں بھی متاثر ہوں گی۔‘‘
مشرقی جاوا میں کوہ راؤنگ گزشتہ ایک ہفتے سے لاوا اگل رہا ہے، جس سے آسٹریلیا سے آنے اور جانے والی کئی پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔