رسائی کے لنکس

انٹر پول نے معمر قذافی کے وارنٹ جاری کردیے


معمر قذافی
معمر قذافی

انٹر پول نے انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے الزام میں لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

جمعہ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اس نے معمر قذافی، ان کے صاحبزادے سیف الاسلام اور لیبیائی انٹیلی جنس کے سابق سربراہ عبداللہ السنوسی کے 'ریڈ وارنٹ' جاری کردیے ہیں۔

بیان میں انٹر پول کے 188 رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ملزمان کا سراغ لگانے اور ان کی گرفتاری میں ادارے کی مدد کریں۔

انٹر پول کے سربراہ رونالڈ نوبیل کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں معمر قذافی کو "مفرور" قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وارنٹ کے اجراء سے قذافی کی بین الاقوامی سرحدیں پار کرنے کی راہیں مسدود ہوجائیں گی۔

قذافی مخالف جنگجوؤں کی جانب سے 21 اگست کو دارالحکومت طرابلس پر قبضہ کے بعد سے 42 برس تک لیبیا پہ حکمرانی کرنے والے قذافی مفرور ہیں اور ان کا کچھ اتا پتا نہیں۔

گزشتہ روز ایک شامی ٹیلی ویژن اسٹیشن نے قذافی سے منسوب ایک آڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں سابق حکمران نے ان اطلاعات کی تردید کی تھی کہ وہ پڑوسی ملک نائیجر فرار ہوگئے ہیں۔

اپنے بیان میں قذافی نے کہا تھا کہ ان کی افواج اب بھی "عبوری قومی کونسل' کے جنگجوؤں پر حملے کی صلاحیت رکھتی ہیں جو ان کے بقول "چوہے، جراثیم اور کیڑے مکوڑے" ہیں۔

دریں اثناء لیبیا کی عبوری حکومت کے سربراہ نے کہا ہے کہ آزادی کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور ان کے بقول چھ ماہ کی خانہ جنگی کے بعد تعمیرِ نو کے لیے پورے ملک کو متحد ہونا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG