انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ میں سب سے زیادہ بولی لگائی گئی ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے یہ بولی لگا کر مچل اسٹارک کو اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
بھارت کے خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کی نیلامی میں کے کے آر نے مچل اسٹارک کی 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے (لگ بھگ 84 کروڑ پاکستانی روپے) کی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔
یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے لگائی جانے والی سب سے زیادہ بولی ہے۔
اسی طرح سن رائز حیدرآباد نے 2024 میں ہونے والے آئی پی ایل کے لیے پیٹ کمنز کی 20 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے (لگ بھگ 70 کروڑ پاکستانی روپے) کی بولی لگائی ہے۔
ان کے علاوہ ڈیرل مچل کو چنئی سپر کنگز نے 14 کروڑ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ ہرشل پٹیل کو پنجاب کنگز نے 11 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں حاصل کیا ہے۔
ٹرائوس ہیڈ چھ کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے میں سن رائز حیدر آباد کا حصہ بنے ہیں۔
اس کے علاوہ چنئی سپر کنگز نے شاردل ٹھاکر اور راچن رویندرا کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
دو ارب 62 کروڑ روپے کی حد
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کی 10 فرنچائز نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں۔ ہر فرنچائز کو دو ارب 62 کروڑ بھارتی روپے استعمال کرنے کا استحقاق حاصل ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ کا میلہ گزشتہ 16 برس سے سج رہا ہے جس میں دنیا کے بہترین کرکٹرز شرکت کرتے ہیں۔ 19 دسمبر کو اس کے 17ویں ایڈیشن کی نیلامی میں دنیا بھر سے 333 کرکٹرز کو شامل کیا گیا جن میں ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
اس سال نیلامی کے لیے پیش کیے جانے والے 333 کھلاڑیوں میں سے صرف 77 کو ہی لیگ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ نیلامی کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں سے 214 کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ 119 دیگر ٹیموں کے کھلاڑی ہیں۔
نیلامی کا سلسلہ کیسے چلتا ہے؟
آئی پی ایل کے ہر سال کے ایڈیشن سے پہلے 10 ٹیمیں اپنے چند کھلاڑیوں کو ریلیز کرتی ہیں اور چند کو ریٹین کرتی ہیں، یعنی ٹیم سے جانے نہیں دیتیں۔
عموماً ہر ٹیم چھ سے آٹھ کھلاڑی ریلیز کرتی ہے جنہیں ایونٹ سے چند ماہ قبل آکشن یعنی نیلامی کے ذریعے دوبارہ آئی پی ایل کا حصہ بننے کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔
ان کھلاڑیوں میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی ہوتے ہیں اور وہ کھلاڑی بھی جو گزشتہ آئی پی ایل کا حصہ نہیں ہوتے۔ اسی وجہ سے اس پول میں 300 سے زائد کھلاڑی شامل ہوتے ہیں۔
سب سے بڑی کیٹیگری دو کروڑ بھارتی روپے کی ہوتی ہے جب کہ سب سے چھوٹی کیٹیگری کی قیمت 50 لاکھ روپے ہوتی ہے۔
نیلامی کے وقت تمام ٹیموں کے پاس ایک مخصوص رقم ہوتی ہے جس کے ذریعے وہ ان کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہیں جو ان کے خیال میں ان کی فرنچائز کے لیے بہتر ہو سکتے ہیں۔