ایک سینیئر ایرانی عہدے دار نے پولیس کے اس دعوےٰ کو ایک بار پھر دوہرایا ہے کہ اس ہفتے کے شروع میں اس نے ایک غیرملکی عورت کو جاسوسی کے شبے میں گرفتار کیاتھا، جب کہ ایک روز قبل ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اس خبرکو جھوٹ قرار دیا تھا۔
بارڈ ر پولیس کے نائب کمانڈر نے ایرانی سرکاری ریڈیو کو ہفتے کے روز بتایا کہ اس کی فورس نےشمالی ایرانی سرحد پر ایک خاتون کو جاسوسی کے الزام میں پکڑا ہے۔
بارڈر پولیس کے نائب کمانڈر نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ گرفتار کی جانے والی خاتون امریکی ہے جب کہ نیوز ایجنسی فارس نے بعد میں ایک عہدے دار کے حوالے سے کہا کہ گرفتار خاتون کی قومیت واضح نہیں ہے۔
میڈیا کی خبروں میں گرفتار کی جانے والی خاتون کی شناخت ہال تالیان کے نام سے کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ آرمینیا سے ایران گئی تھی۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خاتون نے جاسوسی کا ایک آلہ اپنے ایک دانت میں لگارکھاتھا۔
ایک امریکی سیکیورٹی ادارے اور امریکی وزارت داخلہ نے جمعے کے روز کہا کہ ان کے پاس ہال تالیان نامی کسی ایسی خاتون کا ریکارڈ موجود نہیں ہے جس نے مبینہ طورپر ایرانی سرحد عبور کی ہو۔