رسائی کے لنکس

ایران:یورپی یونین اور برطانوی پابندیوں کی مذمت،روس کو بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کی تردید


 ایران کے بیلسٹک میزائلوں کی ایک تقریب میں نمائش ، فوٹو رائٹرز 22 اگست 2024
ایران کے بیلسٹک میزائلوں کی ایک تقریب میں نمائش ، فوٹو رائٹرز 22 اگست 2024

  • ایران کی یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے نئی پابندیوں کی مذمت
  • یورپی یونین نے پیر کو ایئر لائن، ایران ایئر سمیت ایران کےسات افراد اور سات تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
  • وجہ ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی سے منسلک ہونا قرار دی گئی تھی۔
  • ان پابندیوں سے ایرانی ایئر لائنز کی یورپ جانے والی تمام پروازیں روک دی جائیں گی: ایرانی ایئرلائنز کی ایسوسی ایشن
  • پابندیوں میں اثاثوں کا منجمد کرنا اور یورپی یونین میں سفری پابندی شامل ہے۔

ایران نے یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے تہران پر نئی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں روس کو بیلسٹک میزائل کی فراہمی سے انکار کیا ہے ۔

یورپی یونین نے ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی مبینہ منتقلی سے منسلک ہونے پر، پیر کو ’ایران ایر‘ سمیت ایران کےسات افراد اور سات تنظیموں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

ایران کے ایک میزائل کی ایک نامعلوم مقام پر لانچنگ، فوٹو اے پی 25 مئی 2023
ایران کے ایک میزائل کی ایک نامعلوم مقام پر لانچنگ، فوٹو اے پی 25 مئی 2023

اس کے ساتھ ساتھ ،برطانیہ نے ایران پر پابندیوں کی اپنی فہرست میں 9 نئی نامزدگیوں کا اضافہ کیا ہے۔

گزشتہ ماہ ، امریکہ نے، انٹیلیجنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ روس نے یوکرین میں اپنی جنگ کے لیے ایران سے بیلسٹک میزائل حاصل کیے ہیں۔ امریکہ کا کہنا تھا کہ وہ انٹیلیجنس معلومات اتحادیوں کو فراہم کی گئی تھیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کے ملک نے روس کو بیلسٹک میزائل فراہم کیے ہیں۔

بقائی نے روس-یوکرین جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ،" بد قسمتی سے بعض یورپی ملکوں اور برطانیہ نے بغیر ثبوت کے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس تنازعہ میں فوجی مداخلت کی ہے ،جسے مکمل طور پر مسترد کیا گیا ہے۔"

بغائی نے تازہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے ایرانی افراد اور اداروں پر نئی پابندیاں عائد کرنا بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔

ایرانی ایئرلائنز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری مقصود اسدی سامانی نے ایران کی نیوز ایجنسی النا ( ILNA ) کو بتایا کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی ایئر لائنز کی یورپ جانے والی تمام پروازیں روک دی جائیں گی۔

پابندیوں کی فہرست میں ساہا ایر لائنز، ماہان ایر اور ایران کے نائب وزیر دفاع سید حمزہ قلندری بھی شامل ہیں۔

یورپی یونین کے اس اقدام کے تحت ایران کے پاسداران انقلاب کے سر کردہ عہدے دار اور ایران ایئر کرافٹ مینوفیکچرنگ انڈسٹریز اور ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن کے منیجنگ ڈائریکٹرز بھی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان پابندیوں میں اثاثوں کا منجمد کرنا اور یورپی یونین میں سفر پر پابندی شامل ہے۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG