ایرانی حکومت کی سرپرستی میں چلنے والےایک اخبار نے کہاہے کہ حکام نے ایک امریکی خاتون کو جاسوسی کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
اخبار’ایران‘ نے اپنی تازہ اشاعت میں لکھا ہے کہ حکام نے ایک 55 سالہ عورت کو گرفتار کیا ہے جس کی شناخت ہال تالیان کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔ خاتون پر الزام ہے کہ اس نے آرمینیا سے ویزے کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
خبر میں کہا گیا ہے کہ خاتون نے جاسوسی کے آلات چھپائے ہوئے تھے جن میں اس کے منہ میں لگا ہوا ایک خفیہ مائیکروفون بھی شامل ہے۔
تاہم اخبار نے یہ نہیں لکھا کہ یہ واقعہ کب اور کہاں پیش آیا۔
ایران میں اس وقت جاسوسی ہی کے الزمات کے تحت دو امریکی باشندے جاش فیٹل اور شین بوئیر قید ہیں جنہیں ایرانی حکام نے عراق سے ملنے والی سرحد پر سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ وہاں ہائیکنگ کررہے تھے۔
گذشتہ برس ستمبر میں تہران نے ان کے ساتھ گرفتار ہونے والی ایک خاتون سارہ شوڈر کو پانچ لاکھ ڈالر کی ضمانت پر رہا کردیا تھا۔