رسائی کے لنکس

ایران نے یورپی یونین کی نئی پابندیاں مسترد کردیں


ایران نے یورپی یونین کی نئی پابندیاں مسترد کردیں
ایران نے یورپی یونین کی نئی پابندیاں مسترد کردیں

ایران نے یورپی یونین کے اس منصوبے کو مسترد کردیا ہے جس میں تہران کے متنازع جوہری پروگرام کے مسئلے پر اس کے خلاف پابندیوں میں اضافے کے لیے کہا گیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہاہے کہ پابندیوں کے حوالے سے یورپی یونین کا عمل غیر منطقی ہے کیونکہ دوسری جانب وہ تہران سے عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے جوہری مسائل پر مذاکرات میں شرکت کے لیے بھی کہہ رہی ہے۔

مہمان پرست نے منگل کے روز کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے اضافی پابندیاں ، یورپی اور مغربی ممالک کے قول و فعل میں تضاد کی نشان دہی کرتی ہیں۔

27 رکنی یورپی بلاک نے پیر کے روز کہاتھا کہ وہ مزید ایک سو ایرانی شخصیات اور افراد کے اثاثے منجمد اور ان کے سفر پر پابندیاں عائد کررہی ہے۔ امریکہ نے یورپی یونین کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

مغربی ممالک کوخدشہ ہے کہ ایران شہری مقاصد کے لیے توانائی کے پروگرام کے پردے میں جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کررہاہے۔ ایران اس الزام سے انکار کرتا ہے۔

امریکہ اور یورپی یونین حالیہ برسوں میں ایران کی کمپنیوں اور افراد پر ہتھیاروں کے پھیلاؤاور فوجی ٹیکنالوجی کے حصول میں ملوث ہونے کے شبے میں پابندیاں لگاچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG